ریاستی تشخص کیلئے کشمیریوں نے لازوال قر بانیاں دیں‘سردار عتیق احمد خان

پیر 30 نومبر 2015 13:37

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء)صدرآل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ریاستی تشخص کیلئے کشمیریوں نے لازوال قر بانیاں دیں اور آج بھی آگ اور خون کے دریا عبور کر رہے ہیں میرپور سے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کو نظریاتی قوت بنانے میں رحمانی برادری کا بھی اہم مقام ہے اور بالخصوص ماسٹر عبدالحمید مرحوم وائس چیئر مین میونسپل کارپوریشن ایک سدا بہار اور خوش اخلاق درد دل رکھنے والے انسان تھے جن کی خدمات کو آج بھی زمانہ یاد رکھے ہوئے ہے ان کی زندگی اور کارناموں پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے موصوف اپنی مثال آپ تھے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ میرپور کے دوران پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں ماسٹر عبدالحمید مرحوم کے فرزند ارجمند ماہر قانون دان وسیم ایڈووکیٹ اور شفیق رحمانی سے کتاب حاصل کر نے کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی چیئر مین ریلف سیل عبدالقیوم قمر، مرکزی رہنما فدا حسین کیانی، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری جمیل احمد تبسم، مرکزی سالار اعلیٰ حاجی ذوالفقار ،ضلعی صدر چوہدری شوکت، سٹی صدر محمد اسلم بٹ ، مرکزی رہنما شکور احمد مغل، سیکرٹری جنرل مہربان یاسین ،مرکزی ممبر مجلس عاملہ چوہدری توصیف اقبال ایڈووکیٹ،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری نجابت، حلقہ کھڑی سے چوہدری اظہر، راجہ خالد ایڈووکیٹ، چوہدری ظفر ، جاوید ظفر، جمیل احمد سمیت دیگر افراد موجود تھے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ اسلاف کی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ان کی جلائی ہوئی شمع کو روشن رکھنا ہمارا کام ہے ان کے قول اور فکر ہمارے کیلئے روشن چراغ کی حیثیت رکھتے ہیں زندہ قومیں اپنے اسلاف کی خدمات کو یاد رکھتی ہیں تب ہی منزل ملتی ہے ماسٹر عبدالحمید مرحوم کی قر بانیاں جس مقصد کیلئے دی ان کو پورا کرنا نوجوان نسل پر فرض ہے آخر میں ماسٹر عبدالحمید مرحوم کے فرزند ارجمند نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کا شکریہ ادا کیا ۔