انگلش پریمیئر لیگ میں لائسسٹر سٹی کے اسٹرائیکر جیمی وارڈی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے لگاتار 11 میچوں میں گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

پیر 30 نومبر 2015 13:57

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) انگلش پریمیئر لیگ میں لائسسٹر سٹی کے اسٹرائیکر جیمی وارڈی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے لگاتار 11 میچوں میں گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے 24ویں منٹ میں انہوں نے گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا کو چکما دیتے ہوئے گیند کو گول راہ دکھا کر ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرئیکر وین نسٹل روئے کے پاس تھا جنہوں نے 2003 میں لگاتار دس میچوں میں گول اسکور کیا تھا۔

میچ کے بعد وارڈی نے کہا کہ میں گول اسکور کرنے اور ریکارڈ بنانے پر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں لیکن حریف ٹیم کے گول اسکور کرنے پر مجھے تھوڑی مایوسی ہوئی کیونکہ ورنہ ہمیں تین قیمتی پوائنٹس مل جاتے۔

(جاری ہے)

اس وقت انگلش پریمیئر لیگ میں 14 گول کے ساتھ سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے وارڈی نے کہا کہ میں نے ریکارڈ کے بارے میں نہیں سوچا تھا کیونکہ اس سے میری اور ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑتا۔

وین نسٹل روئے نے ریکارڈ توڑنے پر وارڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس اعزاز کے مستحق تھے۔ ادھر وارڈی کے گول کے باوجود مانچسٹر یانائیٹڈ اور لائسسٹر سٹی کے درمیان میچ 1-1 گول سے ڈرا ہو گیا جبکہ منچسٹر سٹی 3-1 سے فتح کے بعد ٹیبل میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ دوسرے ہاف کے شروع مانچسٹر یانائیٹڈ کے شوائن اسٹرئیگر نے ہیڈر پر بہترین گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا اور میچ کے اختتام تک یہی اسکور برقرار رہا۔ اس وقت انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی پہلے، لائسسٹر سٹی دوسرے اور مانچسٹر یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔