بانکی مون اسرائیل کیساتھ مل کر فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو ناکام بنانے کی سازشیں کررہے ہیں ، حماس

پیر 30 نومبر 2015 14:13

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) حماس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کی فلسطین کے حوالے سے اختیار پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانکی مون اسرائیل کیساتھ مل کر فلسطینی تحریک آزادی اور موجودہ تحریک انتفاضہ کو ناکام بنانے کی سازشیں کررہے ہیں۔ حماس رہنماء علی برکہ نے ترکی کے دارالحکومت استنبول میں عالمی اسلامی تحریکوں کی ایک کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے دورہ اسرائیل اور فلسطین کو ہدف تنقید بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جان کیری امریکا اور بانکی مون کے مندوب کے طورپر فلسطینی تحریک انتفاضہ کچلنے کیلئے فلسطین اور اسرائیل کے دورے کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کا خیرخواہ نہ تو امریکا ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ سب مل کر اسرائیلی مفادات کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے استنبول میں جمع ہونے والی عالم اسلام اور اسلامی تحریکوں کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملکوں میں مسئلہ فلسطین بالخصوص مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشوں کو بے نقاب کریں اور فلسطینیوں کی سیاسی مادی، ابلاغی اور مالی مدد کو یقینی بنائیں۔

حماس رہنما نے 90 ملکوں سے آئے مندوبین اور اسلامی تحریکوں کے قائدین کو فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ استنبول میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے تمام شرکاء نے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کی۔

متعلقہ عنوان :