Live Updates

شہباز شریف نے دورہ چین میں تقریبات کامیاب بنانے کا ٹھیکہ دے کرکروڑوں روپے اڑا دیئے؛آڈٹ حکام

پیر 30 نومبر 2015 15:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) پنجاب حکومت کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کے دورہ چین کے دوران مختلف تقریبات کا انتظام کرنے کا ٹھیکہ ایک کمپنی کو دیا گیا تھا جس کو اضافی طور پر30لاکھ روپے کی ادائیگی صوبائی خزانہ سے کی گئی ہیں ۔ اس حقیقت کا انکشاف آڈٹ رپورٹ 2014 میں کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق وزیرا علی پنجاب شہباز شریف نے چین کے دورے کے دوران صوبائی خزانہ سے کروڑوں روپے اڑا دیئے ہیں اور چین میں وزیر اعلی کے لئے فنکشن کا پروگرام ترتیب دینے اور پروگرام کا انتظام کرنے کا ٹھیکہ من پسند کنٹریکٹر کو دیا گیا ہے ۔

یہ ٹھیکہ بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر کے دیا گیا تھا ۔ آڈٹ حکام نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک میں پروگرام منعقد کرنے پر اخراجات عوامی دولت سے کرنا غیر قانونی اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

حکام نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ چین میں وزیر اعلی شہباز شریف کے دورے پر اٹھنے والے غیر قانونی اخراجات کرنے والے افسران کا تعین اور نشاندہی کر کے اور مستقبل میں ایسی تقریبات پر قومی دولت ضائع کرنے سے گریز کریں اور اب تک کئے گئے اخراجات واپس کئے جائیں ۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے چین کے متعدد دورے کئے ہیں اور قومی خزانہ سے اخراجات کئے گئے جس کی حقیقت آڈٹ حکام نے عوام پر واضح کر دی ہے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :