پنجاب آرٹس کونسل میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف‘ آڈٹ رپورٹ

پیر 30 نومبر 2015 15:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) پنجاب کی آرٹس کونسل میں دو کروڑ 31 لاکھ کی کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ اس بھاری کرپشن کا انکشاف آڈٹ رپورٹ 2014ء میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیصل آباد آرٹس کونسل میں 20 ملین جبکہ ملتان آرٹس کونسل میں ساڑھے تین ملین کی کرپشن کی گئی ہے اور اس کرپشن کی ذمہ داری براہ راست وزارت کلچر پر عائد ہوتی ہے۔

یہ کرپشن آرٹس کونسل کے سربراہ نے ہال کے مختلف پارٹیوں کو کرایہ پر دے کر آمدن اپنی جیب میں ڈال لی تھی۔ ذمہ دار افسران نے عمارت کی آرائش کے نام پر کروڑوں روپے ہضم کئے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن لاہور نے 8 ملین روپے کی گاڑیاں کی مد میں ضائع کر دیئے ہیں متعلقہ افسران نے گاڑیاں نیلام کرنے کی بجائے من پسند افراد کو تقسیم کر دیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق آفس میں گاڑیاں ہونے کے باوجود ڈی جی پی آر او نے ساڑھے پانچ ملین ٹویوٹا ہائی ایس خریدی ہے جس کی اجازت متعلقہ کمیٹی سے حاصل بھی نہیں کی گئی۔ آڈٹ رپورٹ میں متعلقہ حکام کو کہا گیا ہے کہ غیر قانونی اخراجات کرنے اور قومی خزانہ کو لوٹنے والوں کو پکڑیں اور انہیں سزا دلوا کر لوٹی ہوئی دولت واپس لیں۔ رپورٹ کے مطابق لاہور آرٹس کونسل نے ہال اور دکانوں کا کرایہ 3 کروڑ روپے کی کم ریکوری کی ہے جس سے صوبے کو 3 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ آڈٹ حکام نے لاہور آرٹس کونسل کے انچارج کو حکم دیا ہے کہ وہ 3 کروڑ روپے فوری طور پر خزانہ میں جمع کرائیں۔

متعلقہ عنوان :