ملتان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 17 سو 93 پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے‘ امن وامانث برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے 17 ہزار اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 30 نومبر 2015 15:25

ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء ) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ 5دسمبر کو ہوگا اس سلسلہ میں ملتان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 17 سو 93 پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے جن پر امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے 17 ہزار اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ملتان میں کل 185 یونین کونسلوں میں 22 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کے لیے 17 سو 93 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 105پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے جن پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس نے حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے 340 خواتین سمیت 17 ہزار پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اسی لیے پولیس نے شہریوں کی جانب سے لائسنس والے اسلحہ کو بھی بطور امانت مختلف پولیس سٹیشنوں میں جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔ الیکشن کے دن تمام پولنگ سٹیشنوں کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی جبکہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔