جہانگیر خانزادہ سے اختلاف کی خبر بے بنیاد‘روٹھے کارکن واپس آجائیں:شیخ آفتاب احمد کی پریس کانفرنس

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 30 نومبر 2015 15:26

حضرو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔30 نومبر۔2015ء)حضرو سٹی میں میونسپل کمیٹی کی چیئرمین شپ پر مسلم لیگ (ن) کی دو دھڑوں میں تقسیم ، وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد اور ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کے درمیان اختلافات کو ٹھنڈا کرنے کیلئے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے حضرو میں پریس کانفرنس کی‘ اتحاد گروپ کے قائد نزاکت خان کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی ایک بار پھر دعوت دیدی ، حضرو میونسپل کمیٹی کی چیئرمین شپ اکثریتی پارٹی مسلم لیگ (ن) کا حق ہے ، کون چیئرمین ، وائس چیئرمین ہو گا فیصلہ ضلع ، تحصیل و سٹی صدور کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل شیخ آفتاب احمد وزیر مملکت نے ڈاکٹر اشرف بٹ کی رہائشگاہ پر رئیس ڈار کو بلدیہ چیئرمین جبکہ شیراز خان کو وائس چیئرمین نامزد کرنے کا اعلان نو منتخب لیگی جنرل کونسلرز ، سٹی صدر رفیق بھولا کی موجودگی میں کیا‘ مگر دوسرے روز دو ممبران نے ان سے اختلاف کرتے ہوئے اور چیئرمین شپ اپنا حق مانتے ہوئے ملک امین اسلم ، میجر گروپ اور کرنل گروپ کے ساتھ مشاورت کے بعد اتحاد گروپ اور عوامی تحریک کے کونسلر کے ساتھ اپنا پینل بنا لیا۔

(جاری ہے)

اس طرح واضح طور پر شیخ آفتاب احمد ، جہانگیر خانزادہ کے درمیان اختلافات سامنے آ گئے اور سوشل میڈیا پر رپورٹس سے مجبور ہو کر وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کو حضرو میں مسلم لیگ(ن) کے پارٹی عہدیداران کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرنا پڑی ‘جس میں شرکت کیلئے تحصیل حضرو سے نو منتخب لیگی چیئرمین یونین کونسلز، جنرل کونسلرز اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، لیگی رہنما ڈاکٹر اشرف بٹ، چیئرمین یو سی جلالیہ یاسر خان، چیئرمین یو سی نرتوپہ اختر خطیب، چیئرمین یو سی ملک مالہ طارق خان، چیئرمین یو سی غورغشتی خالد زمان خالقی، چیئرمین یو سی شمس آباد سعید اعوان، چیئرمین فورملی یاسر زمان، حاجی شیراز خان،رئیس ڈار ، سٹی صدر رفیق بھولا، جنرل سیکرٹری مظہر شاہ، پی ایس ٹو جہانگیر خانزادہ ، ملک انصار ، جاوید مجید خان اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پر کہا کہ سوشل میڈیا پر عجیب و غریب باتیں ہو رہی ہیں ، میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جہانگیر خانزادہ اور میرے درمیان کوئی اختلافات نہیں نہ پی پی 16میں ان پر کسی کو فوقیت دی ، ہم نے یو سی غورغشتی میں جہانگیر خانزادہ کی خواہش اور فیصلے کا احترام کرتے ہوئے وہاں پر دونوں اپنے گروپوں میں سے کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کئے ، انہوں نے پارٹی اختلافات پر روٹھ کر الگ ہونے والے اپنے دو ممبران سے کہا کہ اب بھی وقت ہے وہ واپس آ جائیں اور اپنے اختلافات پارٹی کے اندر ہی رکھیں باہر کے لوگوں کو نہ بتائیں پھر ان کے تحفظات کو تنظیم دور کرے گی، انہوں نے کہا انکشاف کیا کہ الیکشن سے قبل نزاکت خان اور حاجی شیراز خان الگ الگ میرے پاس اسلام آباد آئے تھے ، ہم نے انہیں مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت دی تھی اور ہم مشکور ہیں شیراز خان کے کہ وہ آزاد جیت کر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے۔