دو روزہ پاکستان امریکہ بزنس کانفرنس کل سے واشنگٹن میں شروع

پیر 30 نومبر 2015 16:20

اسلام آباد ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے کل ( منگل) سے دو روزہ پاکستان امریکہ بزنس کانفرنس واشنگٹن میں شروع ہو رہی ہے ۔ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں لانا ہے ۔ کانفرنس میں امریکی سفیر ریچرڈ اولسن ، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل خاقان عباسی ، پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کے علاوہ اعلی حکومتی حکام شرکت کریں گے ۔

امریکہ پاکستان بزنس کانفرنس میں توانائی شعبے کو سرفہرست رکھا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی پالیسیوں اور سیکورٹی حالات پر اعتماد میں لیا جائے گا ۔ توانائی بحران قابو پانے کے لئے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کار توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں ۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکام سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اچھے مواقع اور سازگار ماحول مہیا کرنے پر اعتماد میں لیں گے ۔

کانفرنس کا انعقاد یو ایس ایڈ کی طرف سے یو ایس انسٹیٹوٹ آف پیس واشنگٹن میں کیا گیا ہے ۔ پاکستان بورڈ آف انویسمنٹ کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور پاکستان چین راہداری منصوبے کے بعد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کانفرنس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا ۔ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین ماحول مہیا کیا جا رہا ہے ۔

یاد رہے کہ سال 2009 میں پاکستان امریکہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے دوران پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے امریکہ مکمل تعاون کی یقین دہانی کی تھی اور مشترکہ انرجی ورکنگ گروپ بنانے پر بھی اتفاق کیا تھا ۔ اس کے علاوہ امریکہ نے توانائی شعبے اور اس کی اصلاحات کے لئے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان بھی کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :