بھارت؛ سماج وادی پارٹی کے مسلمان وزیر نے شاہی امام احمد بخاری پر آر ایس ایس کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگا دیا

پیر 30 نومبر 2015 16:26

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) سماج وادی پارٹی کے مسلمان وزیر نے شاہی امام احمد بخاری پر آر ایس ایس کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگا دیا۔ملکی و غیر ملکی میڈیا کے مطابق سماج وادی پارٹی کے اترپردیش کے صوبائی وزیر اعظم خان نے نئی دہلی کی مسجد کے شاہی امام پر ان کے بیٹے کی ہندو لڑکی سے شادی کے حوالے سے سخت تنقید کی اور کہا کہ راشٹریہ سوامی سیوک سنگھ امام بخاری کے بیٹے کی ہندو لڑکی سے شادی پر خاموش کیوں ہے، میرے بیٹے نے ہندولڑکی سے شادی کی ہوتی تو طوفان کھڑا ہو جاتا۔

(جاری ہے)

شاہی امام آر ایس ایس کے ایجنٹ ہیں جس کی وجہ سے اتنے بڑے واقعہ پر آر ایس ایس خاموش ہے۔ اس سے قبل اعظم خان شاہی مسجدکے پیش امام پر بی جے پی کا ایجنٹ ہونے کا الزام بھی لگا چکے ہیں۔دوسری طرف امام بخاری نے اعظم خان کو مسلمان کمیونٹی کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ قرار دیدیا۔ شاہی مسجد کے پیش امام نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور وزیراعلی ٰکوخط لکھا ہے جس میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ اترپردیش کے کیبنٹ منسٹر مسلم کمیونٹی کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں لہٰذا انہیں فوری کابینہ سے نکالا جائے۔ شاہی مسجدکے پیش امام نے اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ پربھی سخت تنقید کی۔