پاکستان سے کرپشن کاکینسر ختم ہونا چاہیے ،ترقی یافتہ ممالک میں حکومتیں کارپوریٹ کمپنی بن گئی ہیں ‘ حمزہ شہباز

پیر 30 نومبر 2015 17:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے کرپشن کاکینسر ختم ہونا چاہیے ،ترقی یافتہ ممالک میں حکومتیں کارپوریٹ کمپنی بن گئی ہیں اورحکومت کا کام پر امن ، سازگار ماحول اور سہولیات دینا ہوتا ہے ،پاکستان بدل رہا ہے لیکن آج بھی افسر شاہی اپنی مرضی کرتی ہے ،میٹرو بس کو ایک ترکش کمپنی چلا رہی ہے اگر یہ حکومت کے ہاتھ میں ہوتا تو شاید یہ کبھی نہ بنتا ، ڈیڑھ ارب ڈالر کے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو بھی کمپنی چلائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ایکسپو ہوم ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہے تو یہاں بھی حکومت کو کارپوریٹ کمپنی کا روپ دھارنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بہت سے منصوبے لگ رہے ہیں ۔ بہاولپور کے گوٹھوں میں 1000میگا واٹ کا سولر انرجی کا منصوبہ لگایا گیا ہے ، نیلم جہلم سے ساڑھے 9سو میگا واٹ بجلی آئے گی ، ایل این جی سے 3600میگا واٹ سسٹم میں آئے گی اور یہ کوئی افسانے نہیں ہیں یہ منصوبے 2017یا 2018ء میں لگ جائیں گے ۔

انہوں نے کہا اب باتوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھر سکتا ،موجودہ حکومت نے کام کر کے دکھایا ہے اور یہ بولتا ہے ۔ پاکستان کی ترقی کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے اور سب کو پاکستان کے استحکام کے لئے کام کرنا چاہیے ۔ پاکستان کامیڈیا بھی اچھا کام کر رہا ہے ،اس نے دھرنا سیاست کو ایکسپوز کیا جس کی وجہ سے اس کا دھڑن تختہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے ۔ آج پاکستان میں کرپشن بے نقاب ہو رہی ہے اور جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اسے بے نقاب ہونا چاہیے ۔ پاکستان سے کرپشن کا کینسر ختم ہونا چاہیے ۔