محمد نواز شریف کے اقتدار سے نہ نکلنے تک پاکستان مشکلات کا شکار ہیگا، شیخ رشید، بیرسٹر سلطان

پیر 30 نومبر 2015 17:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب تک نواز شریف کو اقتدار سے نہیں نکالا جاتا اس وقت تک پاکستان مشکلات کا شکار رہے گا نہ ہی یہاں تعمیر ترقی ہو سکے گی اور نہ ہی کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کیا جا سکے گا۔

بلدیاتی انتخابات اگرچہ اسطرح سے حکومت کی تبدیلی کے لئے تو نہیں ہو تے لیکن راولپنڈی نے تحریک چلا کر ایوب خان جیسے بڑے حکمران کو اقتدار سے باہر کیا۔ آج عوام بلدیاتی انتخابات میں ن لیگی امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کراکے یہ ثابت کر دیں کہ پچھلا الیکشن نواز شریف نے دھاندلی سے جیتا۔ پنڈی کل بھی عمران خان کا تھا اور پنڈی آج بھی عمران خان کا ہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے آج یہاں راولپنڈی میں چکلالہ اسکیم تھری میں پی ٹی آئی کے بلدیاتی امیدواروں کی انتخابی مہم کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جلسہ سے خیبر پختونخواہ سے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی محمد علی،پی ٹی آئی کے بلدیاتی امیدوارملک عظیم، سابق ممبرصوبائی اسمبلی ، کشمیر پی ٹی آئی کی ممبر شپ مہم کے انچارج سردار امتیاز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش چیلنجز سے صرف عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔ اگرچہ ن لیگ نے پچھلے الیکشن میں دھاندلی کرکے وقتی طور پرالیکشن جیتے لیکن پھر بھی پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف اب آسمان کو چھو رہا ہے آج اسلام آباد اور 5 دسمبر کو پنڈی میں عوام بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے اور یہ ثابت کردیں گے کہ پی ٹی آئی پاکستان اور آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

میں آج آزاد کشمیر سے یہاں پر آیا ہوں تاکہ پاکستان کے عوام کو یہ بتا سکوں کہ نواز شریف کی کشمیر پر پالیسی معذرت کواہانہ ہے اور اس کی وجہ سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔ بلکہ لائن آف کنٹرول کی بھی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور پاکستانی حکومت اس کا دوٹوک جواب دینے کی بجائے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔

جبکہ میں نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا کے ایوانوں میں اٹھا کربھارت کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یہ کہنا کہ یہاں پرمسلم لیگ ن کی حکومت اور وہ دھاندلی کریں گے آپ ڈٹ جائیں اور ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو اسطرح شکست دیں جس طرح میں نے ان پارٹیوں کو میرپور کے ضمنی انتخابا میں شکست فاش دی تھی۔شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ بلدیاتی الیکشن بہت اہمیت کے حامل ہیں اسمیں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیں تاہم پاکستان میں بیماریوں کا علاج صرف نواز شریف سے چھٹکارہ پانا ہے اسلئے یہاں پر عوام تمام برادریوں سے بالا تر ہو کرپی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں۔

ہم سب بھی اسی لئے عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں اور اس وقت تک کھڑے رہیں گے جب تک پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں آجاتی۔