قائمقام بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے بنگلہ دیش کے تمام الزامات مسترد کر دیئے

بنگلہ دیشی حکومت کی پاکستان کو بدنام کرنے کی سازشیں افسوسناک ہیں، پاکستان 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کی غلط تشریح نہیں کرتا،پاکستان اور بنگلہ دیش کی عوام باہمی تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں، بنگلہ دیشی حکومت عوامی جذبات کی قدر نہیں کرتی جو کہ افسوسناک ہے،ترجمان دفتر خارجہ

پیر 30 نومبر 2015 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) بنگلہ دیش میں اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کاررروائیوں اور 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کی خلاف ورزی پر قائمقام بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان نے بنگلہ دیش کے تمام الزامات مسترد کر دیئے،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت کی پاکستان کو بدنام کرنے کی سازشیں افسوسناک ہیں، پاکستان 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کی غلط تشریح نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کو بنگلہ دیش کے قائمقام ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ہوئی، ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اﷲ نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے تمام بے بنیاد الزامات مسترد کرتا ہے، بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی خواہش کے باوجود الزامات افسوسناک ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کی عوام باہمی تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں، بنگلہ دیشی حکومت عوامی جذبات کی قدر نہیں کرتی جو کہ افسوسناک ہے۔ انہوں نیکہا کہ پاکستانی عوام کے دل بنگالی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کی غلط تشریح نہیں کرتا۔