حضرو میں مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا خاتمہ کر دیا، ضلع کونسل کا چیئرمین بنا کر اٹک سے بھی صفایا کر دینگے

سابق امیدوار قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق کی کارکنوں سے بات چیت

پیر 30 نومبر 2015 17:54

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) میجر گروپ کے قائد و سابق امیدوار قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ حضرو میں مسلم لیگ(ن) اور وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کی سیاست ختم کر دی ہے، عنقریب ضلع کونسل کا چیئرمین میجر گروپ سے بنا کر اٹک سے بھی مسلم لیگ(ن) کا صفایا کر دینگے، ریٹرننگ افسر ، اے سی حضرو کی طرف سے لیگی امیدوار رئیس ڈار کے حق میں طاہر بیگ کو دستبردار ہونے کی درخواست واپس کرنے سے ثابت ہوا کہ شیخ آفتاب احمد میں ہمت اور دم خم نہیں، وزیر مملکت شیخ آفتاب کے بلدیہ حضرو کیلئے نامزد کئے گئے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا فیصلہ رد کرکے مسلم لیگ(ن) کے دو نو منتخب کونسلرز نے اپنا حق چھینا ہے اور اتحاد گروپ میں شامل ہو کر ثابت کیا ہے کہ وزیر مملکت کی نہیں حضرو کے عوام کی حیثیت ہے جبکہ انہیں عوامی تحریک کی حمایت بھی حاصل ہے ، اتحاد گروپ، نزاکت خان اور حضرو کے شہریوں نے میونسپل کمیٹی حضرو کے چیئرمین، وائس چیئرمین کاجو فیصلہ کیا ہے اس پر ڈٹے رہیں میجر گروپ ان کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو بھنگی میں نزاکت خان ، حضرو میں نون لیگی جنرل کونسلر ملک عبدالمناف اور امیدوار جنرل کونسلر وارڈ 8طاہر بیگ سے ان کے ڈیروں پر ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ میجر (ر) طاہر صادق بنگئی سے نزاکت خان، چیئرمین یو سی حمید جمریز خان اور عبدالمناف کے ہمراہ طاہر بیگ سے ملاقات کیلئے پہنچے تو انہوں نے بھرپور استقبال کیا، میجر (ر) طاہر صادق نے نزاکت خان، مناف خان، اور اتحاد گروپ کو ہدایت کی کہ حضرو کے دو وارڈ 8,12کے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے خلاف ڈور ٹو الیکشن مہم چلا کر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بدترین شکست دیں جبکہ میں خود بھی گھر گھر جا کر ووٹ مانگوں گا اور نون لیگ کے خلاف جلسوں سے خطاب کرکے عوام کو حقائق بتاؤں گا کہ طاہر بیگ جیسے شریف انسان کو الیکشن سے زبردستی دستبردار کرنے کی کوشش کی گئی جو ہم نے ناکام بنا دی۔

متعلقہ عنوان :