کرپشن بے نقاب ہو رہی ہے ،معاشرے سے اس کینسر کا خاتمہ ہونا چاہیے ‘حمزہ شہباز

میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار قابل ستائش ہے ،بلدیاتی مینڈیٹ موجودہ حکومت پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے ‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 30 نومبر 2015 18:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) چیئر مین پبلک افیئر ز یونٹ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ معاشرتی بہتری کے لئے میڈیا کا ذمہ دارا کردار قابل ستائش ہے جس کے باعث کرپشن بے نقاب ہو رہی ہے ،معاشرے سے کرپشن کے کینسر کا خاتمہ ہونا چاہیے، ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے سیاسی تفریق سے بالا تر ہو کر ہم سب ایک ہیں ۔ حمزہ شہباز نے یہاں فلیٹیز ہوٹل میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شعور بیدار ہو رہا ہے،سیاست بدل رہی ہے ، عوام صرف ڈلیور کرنے والوں کو پذیرائی دیں گے اور حالیہ بلدیاتی الیکشن اس امر کا واضح اظہار ہے ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے لئے وسط مدتی الیکشن انتہائی مشکل مرحلہ ہوتا ہے ۔ہمارے ہمسایہ ملک بھارت کے صوبہ بہار میں برسراقتدار جماعت بری طرح ہار گئی لیکن سیاسی بنیادوں پر ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر عوام نے واضح اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست دفن ہو چکی اب کام کرنے کا وقت ہے انشا ء اﷲ توانائی کے شعبوں میں جاری اہم منصوبے 2017 میں مکمل ہوں گے تو حالات بدل جائیں گے اور ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ ہو گا ۔

ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ میگا پراجیکٹ اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں لیکن گلی نالی کا درست ہونا اور لوگوں کے مسائل کا بنیادی سطح پر فوری حل بھی ضروری امر ہے ۔انہوں نے نو منتخب بلدیاتی عہدیداران سے کہا کہ وہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر اپنے اپنے حلقوں میں لوگوں کی خدمت اور مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگ نام بھول جاتے ہیں لیکن کام یاد رکھتے ہیں اور انشا ء اﷲ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018 کے الیکشن میں عوام کے سامنے سرخرو ہو گی ۔

ترقی یافتہ ملکوں میں حکومتوں کا جدید تصور ایک کارپوریٹ ادارے کا ہے جبکہ ہمارے ہاں بدقسمتی سے ابھی تک سرکاری محکموں میں سرخ فیتے کا عنصر پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومتی کارکردگی میں خاطر خواہ تبدیلی لا رہی ہے -میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبے اس کی واضح مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں او رہمارے میڈیا کو خرابیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ قومی تصویر کے اس روشن پہلو کو بھی اجاگر کرتے رہنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :