مکہ میں تیزرفتار ویگن حجام کی دکان میں گھس گئی،دوافرادجاں بحق

گاڑی دکان کے اگلے حصے سے داخل ہوکر پیچھے سے باہر نکل گئی،متعددراہگیر بھی زخمی

پیر 30 نومبر 2015 18:28

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کی الشرائع کالونی میں ایک تیز رفتار جی ایم سی ویگن خوفناک انداز میں حجام کی دکان کے اندر گھس آئی جس کی زد میں آ کر دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سے بحفاظت نکل کر خراماں خراماں قریب واقع مٹھائی کی دکان میں داخل ہو گیا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کی الھلال کمیٹی کے ترجمان عبدالعزیز بادومان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ہمارے کنڑول روم کومقامی وقت کے مطابق دن پانچ بج کر 25منٹ پرملی، الشرائع کالونی کی 64 روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی دکان توڑتی ہوئی دکان میں گھس گئی جس کے نیچے متعدد افراد کچلے گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق جائے حادثہ پر پہنچنے والے عملے نے بتایا کہ امریکی ساختہ جی ایم سی وین حجام کی دکان توڑتی ہوئی اندر داخل ہوئی۔ ویگن کا دوسرا سرا دکان سے باہر نکل گیا جس کے باعث وہاں موجود دو افراد گاڑی تلے کچلے گئے جبکہ کئی دوسرے راہگیر زخمی ہوئے۔

متعلقہ عنوان :