سینیٹر مشاہد حسین سیداور حلیم عادل شیخ کی شہید مریم مختار کے گھر آمد

ڈیفنس کمیٹی کی میٹنگ میں مریم مختار کو بہادری کا تمغہ دلوانے کے لیے قرارداد منظور کرائینگے،مشاہد حسین سید

پیر 30 نومبر 2015 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل و سینیٹرمشاہد حسین سید کی شہید پائلٹ مریم مختار کے گھر آمد،جہاں انہوں نے مریم مختار کے اہل خانہ سے تعزیت کااظہار کیا ۔ان کے ہمراہ مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔اس موقع پر شہیدمریم مختار کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی ،ملیر کینٹ میں واقع رہائش گاہ پرشہیدکے والد کرنل ریٹائرڈ مختاراحمد اور والدہ ریحانہ مختار سے ملاقات میں مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ مریم مختار پاکستان کی پہلی فائٹرپائلٹ تھیں ان کی بہادری پاکستانی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔

میں ان کے لیے سینٹ ڈیفنس کمیٹی کی جانب سے سفارش کرونگا ،انہوں نے کہا کہ ہم ڈیفنس کمیٹی کی اگلی میٹنگ میں ایک قرارداد منظور کراؤئینگے ،اور اس سلسلے میں شہیدمریم مختار کو بہادری کا تمغہ دلانے کے لیے ائیرفورس چیف کو خط بھی لکھوں گاکہ تاکہ مریم مختار کی بہادری کے لیے اعلیٰ ایوارڈ کا اعلان کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ساری قوم کو اپنی بہادر بیٹی کی شہادت پر ناز ہے ۔

اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارا شہید مریم مختار کے والدین سے ملکر دل بہت خوش ہو ا ہے ،انہوں نے جس خندہ پیشانی کے ساتھ بیٹی کی شہادت کو قبول کیا ہے وہ ناقابل فراموش لمحہ ہے اس لحاظ سے ہمیں بھی فخر ہے کہ وہ سندھ کی بیٹی تھی جس نے پورے سندھ کا سرفخر سے بلند کردیاہے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ پاکستان میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہیں جو محبت وطن ہیں اور اپنے بچوں کو قوم اور ملک کی خاطر قربان کردینے کو فخر سمجھتے ہیں۔اس موقع پر لیگی رہنما نعیم عادل شیخ،آغارفیع اﷲ،فیاض لغاری،جاوید اعوان ،انیس الدین بھی موجود تھے ۔