کراچی کے عوام نے ہمیشہ الطاف حسین کے نامزد کر دہ امیدوارں کومنتخب کیا ہے، کنور نوند جمیل

کراچی کو خوف کی فضا سے آزاد کرانے آئے تھے لیکن خود اپنے کارکنوں سے بھاگتے پھر رہے تھے تو 5دسمبر کو کیسے جیتو گے؟حیدر عباس رضوی

پیر 30 نومبر 2015 18:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے رکن وایم این اے کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ تقریبا آٹھ سال بعد کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں، کراچی کے لوگ جنہوں نے آخری بلدیاتی دور میں کراچی میں جو تعمیرو ترقی دیکھی تھی ،کراچی کو صحیح معنوں میں اسکا جائز مقام ملتے دیکھا آج وہی کراچی کے عوام پانچ سال سے کراچی میں تعمیر و ترقی کے مناظر دیکھنے کیلیے ترس گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان پانچ سالوں میں کراچی نے صرف جرائم دیکھے، وحشت و بربریت دیکھی جس کی بنیاد پر گزشتہ دو سال سے کراچی میں آپریشن جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا میں واقع نذیر حسین پارک میں ایک بڑی کارنرمیٹنگ اوربلدیاتی امیدواروں کے تعارفی پروگرام میں موجود شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 2008 سے قبل جب متحدہ قومی موومنٹ کی حکومت تھی اور اس کے پاس اختیار تھا تو بالخصوص کراچی شہر میں امن و امان قائم تھا اور ٹارگٹ کلنگ جیسا کوئی واقعہ میڈیا میں درج نہیں تھا لیکن اس کے بعد سے جب کہ دو سال سے کراچی میں آپریشن جاری ہے لیکن امن و امان سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2008کے انتخابات کے بعد پی پی پی کی حکومت نے جرائم پیشہ افراد کو کراچی میں دہشت گردوں کو تیار کیا اور لیاری امن کمیٹی جیسی کالعدم تنظیم بنائی، ایم کیوایم احتجاج کر تی رہی اور تین مرتبہ وزارتوں سے استعفے بھی دیئے ۔انھوں نے کہا کہ ا یم کیوایم کراچی کی تعمیر و ترقی و روزگار میں اسکا جائز حق کا مطالبہ کیا مگر ہر بار جھوٹے وعدے کیے گئے، کراچی کے وسائل کو لوٹ کا مال سمجھ کر لوٹا جارہا لیکن حیدر آباد اورمیر پور خاص کے عوام نے یہ بات ثابت کر دی کہ حق پرست عوام کا اتحاد کل سے زیادہ مضبوط ہے اوردشمنوں کی کسی بھی قسم کی سازش انھیں ا لطاف حسین سے جدا نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہاکہ اب باری کراچی کے عوام کی ہے، کراچی کے عوام نے ہمیشہ الطاف بھائی کے نامزد کر دہ امیدوارں کومنتخب کیا ہے اور انشاء اﷲ آئیندہ بھی وہ ووٹ سے الطاف بھائی کے نامزدہ کر دہ امیدوارں کو کا میاب کریں گے۔مرکزی رہنماء سید حیدر عباس رضوی نے کہاکہ گزشتہ روز سے آج تک کراچی کی سڑکوں ، گلیوں اورشاہراہوں پر ایک نام نہاد سیاسی اتحاد کے پرخچے میڈیا میں رقم ہوئے، ایک ریلی کراچی ائرپورٹ سے مزار قائد پہنچنا تھی ، اس ریلی میں دو جماعتوں کے قائدین کو خطاب کرنا تھا مگر راستہ میں کیاکیا ہوا اﷲ ہی جانے مزار قائد پر ایک ہی لیڈر پہنچا۔

انھوں نے کہا کہ ایک لیڈر کی ریلی میں حسب منشاء جو طوفان بدتمیزی دیکھنے کو ملتا ہے وہ اس بار بھی نظر آیااور ایک خاتون رپورٹرکے ساتھ جو سلوک ہوا وہ ناقابل برداشت ہے کیونکہ وہ خاتون رپورٹر اپنے ادارے کی رپورٹر بعد میں ہے لیکن پہلے وہ کراچی کی بیٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے ہماری بیٹی کے ساتھ جو سلوک کیا ہے تو اﷲ نہ کرے کہ اگرتمہارا سیاسی اتحاد جیت گیا تو تم یہ سلوک کراچی کی ہر بہن، بیٹی کے ساتھ روا رکھوگے۔

انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں ان کی ریلی یا دھرناہوتا ہے وہاں خواتین کے ساتھ یہ رویہ اختیار کیا جاتا ہے، ہمارا باعزت گھرانے سے تعلق ہے تم لوگ پتہ نہیں کہاں سے آئے ہو، تم اہل کراچی کی بیٹیوں کے ساتھ یہ سلوک کر کے ووٹ بھی مانگتے ہو کراچی کے عوام با شعور ہیں جو تمہاری حرکات سے بہت اچھی طرح واقف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج کراچی میں عمران خان کے چند اور یو ٹرننزاور وعدہ خلافی کی وجہ سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے انکی مقامی قیادت کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ سب کے سامنے کہ کس طرح اسٹیج پر ان پر پتھراور انڈے برسائے گئے اور وہ اپنی جانیں بچاتے بھاگتے نظر آئے تو آپ تو کراچی کو خوف کی فضا سے آزاد کرانے آئے تھے لیکن خود اپنے کارکنوں سے بھاگتے پھر رہے تھے تو 5دسمبر کو کیسے جیتو گے؟رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے کہاکہ اﷲ تعالی ’’جس کو چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جس کو چاہے ذلت دیتاہے ‘‘کراچی میں دس دس جماعت ایک ساتھ مل کرایم کیو ایم سے مقابلے کے لیے اتری ہے لیکن اﷲ تعالی نے قائد تحریک الطاف حسین کی جھولی میں جوعزت ڈالی ہے وہ کوئی نہیں چھین سکتا۔

انہوں نے کہاکہ وہ طاقتیں جنہوں نے ماضی میں قائد تحریک الطاف حسین کا چیپٹر کلوز کرنے کی کوشش کی تو خود ان کا چیپٹر کلوز ہو گیالیکن الطاف حسین آج بھی ہمارے درمیان ہے۔تقریب سے حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی جمال احمد، انور رضااور افتخار عالم نے بھی خطاب کیا۔