عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود وزرات خزانہ کا پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

اوگرا کی طرف سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی، حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں، 61 اشیاء پر5 سے 10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے ، عام آدمی کے استعمال کی اشیاء پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے،وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارکی پریس کانفرنس

پیر 30 نومبر 2015 18:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء ) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود وزارت خزانہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔پیر کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارنے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اوگرا کی طرف سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی تاہم حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کی منظوری دیدی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پٹرول کی قیمت 76 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی قیمتیں 83روپے79پیسے پر برقرار رہیں گی تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 56 روپے 32 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 53 روپے 23 پیسے پر برقرار رہے گی۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ 61 اشیاء پر5 سے 10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے ، درآمدی اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی میں ایک فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے استعمال کی اشیاء پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1000سی سی سے زیادہ درآمد ہونے والی پرانی گاڑیوں پر 10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور اسی طرح مہنگے سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں تاہم حکومت پاکستان نے تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :