Live Updates

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا خیبر پختونخوا میں کرپشن سے پاک نظام کے نفاذ پر اتفاق

دونوں جماعتوں کا اتحاد چٹان کی طرح مضبوط ہے، نچلی سطح تک مستحکم کیا جائیگا، مشتاق احمد خان کی وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات

پیر 30 نومبر 2015 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا حکومت میں شامل جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف نے گڈ گورننس اور کرپشن سے پاک نظام کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبہ میں دونوں جماعتوں کا مثالی اتحاد جای رکھیں گے۔کرپشن کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے دونوں جماعتیں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

اس عزم کا اظہار وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کے درمیان وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں کیاگیا۔ملاقات میں سینئر صوبائی وزیربلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ خان بھی موجود تھے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کا اتحاد چٹان کی طرح مضبوط ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد خان نے اتحادی حکومت کی جانب سے گزشتہ دو سال کے دوران کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومت کے خاطر خواہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پٹوار نظام ،محکمہ صحت ،تعلیم اور پولیس کے محکموں میں بے مثال اصلاحات جاری ہیں اوربالخصوص پولیس کو عوام کا خادم بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کا ناسور بیرونی دشمنوں سے زیادہ خطرناک ہے اس کے خاتمہ کے لئے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمیں تباہ حال حکومتی انفراسٹرکچر اور حکومتی نظام ملا تھا جس میں بتدریج بہتری لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی اداروں کی شفافیت کے حوالے سے رپورٹیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ خیبر پختونخوا میں موثر تبدیلیاں لائی جا چکی ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کا اتحاد گراس روٹ لیول پر بھی مضبوط بنایا جائے گا اور حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور کرپشن سے مکمل نجات کے لئے دونوں جماعتوں کا تعاون جاری رہے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات