پاکستان کی ترقی کیلئے تاجر برادری کو پہلے سے بھی بڑھ کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے،گورنرپنجاب

دنیا کی تمام قومیں اپنے نظریہ سے پہچانی جاتی ہیں، حاجی شیخ محمد بشیر کے انتقال سے فیصل آباد کے لوگوں کے سروں سے ایک شفیق راہنما کا سایہ اٹھ گیا ہے، ملک رفیق احمد رجوآنہ کاتعزیتی ریفرنس سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 19:24

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) گورنر پنجاب ملک رفیق احمد رجوآنہ نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی تکمیل کیلئے خوشحال پاکستان ضروری ہے اور اس سلسلہ میں تاجر برادری کو پہلے سے بھی بڑھ کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تحریک پاکستان کے کارکن اور بزرگ تاجر راہنما حاجی شیخ محمد بشیر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام قومیں اپنے نظریہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ تحریک پاکستان کے دیگر کارکنوں کی طرح حاجی شیخ محمد بشیر نے بھی عمر بھر لوگوں کی خدمت کی اور مجھے توقع ہے کہ فیصل آباد چیمبر اور اس سے وابستہ تاجر ان کے شروع کئے گئے رفاعی منصوبوں اور کارخیر کو صدقہ جاریہ سمجھتے ہوئے جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ ابھی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے کانووکیشن سے آئے ہیں۔

وہاں انہیں بتیا گیا کہ ایک تاجر نے دس کروڑ دیئے جس سے مسجد بن گئی۔ اسی طرح اس شہر کے مخیر حضرات بڑی تعداد میں تعلیمی وظائف بھی دے رہے ہیں اور یہ صرف اسی وجہ سے ہے کہ پاکستان نے ان کو بہت کچھ دیا جسے اب وہ اس طرح کے کاموں میں خرچ کرکے لوٹا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر اس میں تاجروں اور مخیر حضرات کی شرکت سے نہ صرف حکومت کا کام آسان ہو جائیگا بلک تاجروں کو بھی روحانی سکون ملے گا۔

انہوں نے بل گیٹ کی مثال دی جس نے اپنی دولت کا 80/90 فیصد حصہ رفاعی کاموں کیلئے مختص کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم عہد کر لیں کہ ہمارے اردگرد کبھی کوئی غریب بھوکا نہیں سوئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی شیخ محمد بشیر کے انتقال سے فیصل آباد کے لوگوں کے سروں سے ایک شفیق راہنما کا سایہ اٹھ گیا ہے۔ تاہم ہمیں چاہیئے کہ ہم ان کے کاموں کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے جاری رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ آپ اپنے مسائل کے حل کے سلسلہ میں جب بھی آنا چاہتے ہیں گورنر ہاؤس کے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر میاں محمد ادریس نے حاجی شیخ محمد بشیر کی تاجر خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ 2005 میں فیصل آباد چیمبر کا صدر منتخب ہونے کے بعد وہ پہلی بار چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر بنے اور اس وقت سے لے کر آب تک چیمبر کیلئے ان کی خدمات کا سلسلہ جا ری رہا۔

انہوں نے زلزلہ اور دیگر رفاعی کاموں میں بھی انکی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ سچے اور کھرے پاکستانی تھے اور ضعیف العمری کے باوجود وہ نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے کوشاں رہے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ لاہور کے شاہد رشید نے اس تعزیتی ریفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کی اور کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سماجی ، تعلیمی اور نظریاتی محاذ پر حاجی شیخ محمد بشیر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

وہ صرف فیصل آباد میں ہی نہیں لاہور میں بھی نظریہ پاکستان سے متعلق تقاریب میں شرکت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی مرھوم جب ایوان قائد اعظم بنا رہے تھے تو شیخ محمد بشیر نے اس میں بھی برپور حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ وہ بہت بڑے بزنس میں ہیں لیکن جب میں نے تحقیق کی تو پتہ چلا کہ وہ سفید پوش شخص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے ساتھ کام کرنے والے تمام لوگ صاف اور شفاف کردار کے مالک تھے ۔

انہوں نے قائد اعظم سے منسوب اس بیان کی بھی تردید کی کہ ان کی جیب میں کھوٹے سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دراصل پاکستان مخالف لابی 1947 سے ہی اس قسم کے نظریات کو پھیلا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم نئی نسل کو ان لوگوں کے حقیقی اور اصلی کردار سے آگاہ کریں اور اگر اس سلسلہ میں شیخ محمد بشیر پر کتاب لکھی جائے تو وہ اس میں بھی بھرپور معاونت کریں گے۔

انہوں نے گورنر پنجاب ملک رفیق احمد رجوآنہ کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جو ملتان سے نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے کہا کہ شیخ محمد بشیر نے قیام پاکستان کی جد وجہد میں کامیاب شرکت کے بعد تاجر سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے ہر مرحلہ پر تاجروں کی بھرپور نمائندگی کی وہ تاجروں کیلئے ٹیکسیشن کا ایسا سادہ اور شفاف نظام چاہتے تھے جس میں ٹیکس دینے کے باوجود تاجروں کوچور نہ سمجھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بشیر ایک شخص نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے جو ان کی وفات کے بعد بھی جاری رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر نائب صدر جمیل احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ مرحوم شیخ محمد بشیر کیلئے دعا سیلانی فونڈیشن کے مولانا بشیر فاروقی نے کرائی۔

متعلقہ عنوان :