رکن الیکشن کمیشن روشن عیسانی کا اسلام آباد میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ ٗ انتظامات کاجائزہ لیا

پیر 30 نومبر 2015 19:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان روشن عیسانی نے پیر کو وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابی عمل اور ووٹروں کی شکایات اور وسائل کا جائزہ لینے کے لئے خود پولنگ اسٹیشنوں کے دورے کر رہے ہیں۔

اس موقع پر انہیں بعض جگہوں سے اسٹیمپ پیڈ کے خشک ہونے کی شکایات ملیں جس پر انہوں نے فوری طور پر نئے اسٹیمپ پیڈ فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ووٹروں اور پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملہ نے انہیں بتایا کہ انتخابی عمل اطمینان بخش طریقے سے جاری ہے اور امن و امان یا دھاندلی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔