آرمی پبلک سکول کے شہداء نے عظیم قربانی دیکرپوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد کیا،سردارمہتاب

سیکیوٹری فورسز کے جوان دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں جس پرپوری قوم کو فخرہے ،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 30 نومبر 2015 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آرمی پبلک سکول کے شہداء نے عظیم قربانی دے کرپوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا اوراﷲ کے فضل وکرم سے ہم نے دہشت گردی پر قابو پالیا ہے اورپائیدار امن کے قیام اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ اس پاک دھرتی پر دہشت گردوں کے ناپاک وجود کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا اور ہماری سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں جس پرپوری قوم کو فخرہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پرعزم اور باہمت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت محدود وسائل کے باوجود قبائلی علاقہ جات میں تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ اس خطے کی پسماندگی کو دورکیاجاسکے اور اس ضمن میں حکومت فاٹا میں تعلیم پر سالانہ 10 ارب روپے خرچ کررہی ہ اور ہماری کوشش ہے کہ اس خطے میں تعلیم کے معیار کوبہتر کیاجائے تاکہ قبائلی طلباء بھی ملکی ترقی میں اپنابہترکردار اداکرسکیں کیونکہ علم امن اور ترقی کیلئے بنیادی زینہ ہے اور بہترین تعلیم کے ذریعے ہی معاشرے ترقی ، خوشحالی اورامن کی راہ پرگامزن ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قوموں کی ترقی علم کے معیار سے وابستہ ہے اور پائیدار امن کیلئے اعلی تعلیم کا حصول ضروری ہے۔ ہم سب نے اس ملک کی تعمیروترقی میں نیک نیتی سے اپنا کردار ادا کرناہے اور اس ملک کی تعمیروترقی میں اپنے حصے کا کام ایمانداری کے ساتھ کرناہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل کی تعلیم وتربیت جدید دور کے تقاضوں اور قومی وملی اقدار کے مطابق کی جائے تاکہ وہ اپنی ثقافتی روایات کا بہترتحفظ کرسکیں۔

گورنرنے کیڈٹ کالج ورسک میں آڈیٹوریم کے قیام کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر کالج میں نوتعمیرشدہ اکیڈیمک بلاک کابھی افتتاح کیا ۔وہ پیر کے روز کیڈٹ کالج ورسککے پہلے یوم والدین کی تقریب میں بحیثیت مہما ن خصوصی خطاب کررہے تھے۔ کیڈٹ رفاقت نے بہترین طالب علم اورکیڈٹ احتشام نے بہترین کیڈٹ ہونے کے اعزازات حاصل کئے جبکہ گورنرز چیمپیئن ٹرافی اقبال ہاؤس کو دی گئی۔

گورنرنے اس موقع پر کیڈٹ پریڈ کامعائنہ کیا اور طلباء کی کارکردگی اورمہارت کو سراہا۔ تقریب میں اعلی سول وفوجی حکام سمیت کیڈٹس اور ان کے والدین اورکالج اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کیڈٹس کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کیڈٹ کالج ورسک انتہائی کم عرصے میں اعلی تعلیمی ماحول اور قابل رشک کارکردگی کی بناء پر معیاری تعلیم کا مرکز ومحوربن چکاہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کیڈٹس کی توقعات کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنانے کیلئے ادارے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ گورنرنے کہاکہ یہ کیڈٹس ہماراقیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل ہے اور ان کی بہتر سے بہتر تعلیم وتربیت وکردار سازی ہماری اولین ترجیح ہے۔ گورنرنے کہاکہ تعمیروترقی کیلئے سب کو اپنے اپنے حصے کا کام کرناہوگا۔ پائیدار امن علم سے وابستہ ہے ، علم معاشرے کو اعتماد دیتاہے ، ذمہ داربناتاہے اور جس معاشرے میں ذمہ داری نہ ہو وہ قائم نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے علم کو بروئے کارلاتے ہوئے اپنی ذات کی بہتری اورقومی ذمہ داریوں کے ساتھ اس ملک کی اجتماعی ترقی میں کردار ادا کرناہے۔ قوموں کی ترقی علم کے معیار سے وابستہ ہے اور پائیدار امن کیلئے اعلی تعلیم کا حصول ضروری ہے۔ ہم سب نے اس ملک کی تعمیروترقی میں نیک نیتی سے اپنا کردار ادا کرناہے اور اس ملک کی تعمیروترقی میں اپنے حصے کا کام ایمانداری کے ساتھ کرناہے۔

گورنرنے کہاکہ معاشرے میں تعلیم کا بڑا اہم کردار ہے۔ تعلیم سے نہ صرف تہذیب وتمدن کی ترقی ہوتی ہے بلکہ تعلیم ہی کی وجہ سے اچھائی وبرائی کامعیار بھیمقرر ہوتاہے۔ اس سے لوگوں کو اپنے حقوق وفرائض سے آگاہی ہوتی ہے۔ درحقیقت جمہوریت کی کامیابی کا دارومدار عوام کی سیاسی بیداری اور احساس ذمہ داری کا انحصار زیادہ تر تعلیم پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ناخواندگی ہے اور حکومت اس سلسلے میں تعلیم کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔

تعلیم یافتہ افراد کسی بھی ملک کاقیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو قومی تعمیر میں نمایاں خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ بے مقصد نظام ترقی کی بجائے نئے مسائل کو جنم دیتاہے۔ نئی قوم اور نئی نسل کا وجود نظام تعلیم کے مرہون منت ہے۔ گورنرنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نئی نسل کی تعلیم وتربیت جدید دور کے تقاضوں اور قومی وملی اقدار کے مطابق کریں تاکہ وہ اپنی ثقافتی روایات کا بہترتحفظ کرسکیں اور پوری دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ دور سائنس وٹیکنالوجی کا دورہے اورمقابلے کے اس دورمیں جدید چیلنجوں کامقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان آئی ٹی اور جدید سائنس کے علوم وفنون میں مہارت رکھتے ہوں۔ کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ یقینا ان نوجوانوں کی کامیابیاں والدین اور اساتذہ کی بھرپور مدد کاصلہ ہے اور اس کا سہرا ادارے کو جاتاہے۔

گورنرنے اس یقین کا اظہارکیا کہ فارغ التحصیل ہونیوالے کیڈٹ کامیابیوں کا سلسلہ اور معیار جاری رکھیں گے اور شاندار روایات کو مزید اجاگرکرنے کیلئے کوئی کسراٹھانہیں رکھیں گے۔ گورنرنے کیڈٹ کالج کے کیڈٹس کی جانب سے پیش کئے گئے پی ٹی شو، مارچ پاسٹ اور جمناسٹک شو کے معیار کو سراہا اور کہاکہ یہ اس بات کا منہ بولتاثبوت ہے کہ ادارے میں نصابی و ہم نصابی کارکردگی معیاری ہے۔گورنرنے ایف سی فاؤنڈیشن کو کیڈٹ کالج ورسک کی فلاح وبہبود کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :