کروڑوں روپے کی کسٹم ڈیوٹی چوری میں مبینہ ملوث کسٹم کلکٹر سمیت تین ملزموں کی عبوری ضمانت میں توسیع

پیر 30 نومبر 2015 21:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ نے کروڑوں روپے کی کسٹم ڈیوٹی چوری میں مبینہ ملوث کسٹم کلکٹر سمیت تین ملزموں کی عبوری ضمانت میں 8دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے تمام درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود عباسی اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کلکٹر کسٹمز عامر رشید شیخ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع کی تو نیب کے پراسکیوٹر رانا عارف محمود نے بنچ کو بتایا کہ اسی ریفرنس میں ملوث دیگر دو ملزموں سید علی عباس اور خالد محمود چودھری کی عبوری ضمانت کی درخواستیں بھی زیر التواء ہیں اور ملزم عامر رشید کی درخواست ضمانت میں نیب کی طرف سے جواب جمع کروا دیا گیا ہے، تینوں ملزم کروڑوں روپے کی کسٹم ڈیوٹی چوری میں ملوث ہیں اور نیب کی تاحال تحقیقات میں ملزم گنہگار پائے گئے ہیں اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے لہٰذا ضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔

(جاری ہے)

جبکہ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کسٹم ڈیوٹی کی چوری سے درخواست گزار کا کوئی تعلق نہیں ہے ، نیب نے بے بنیاد الزامات پر ملزم کو گرفتار کیا ہے لہٰذا عبوری ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے تینوں درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کی اور فریقین کو آٹھ دسمبر کو حتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا۔