سابق گورنر سلمان تاثیر برسی حملہ کیس میں سزا پانیوالے چار مجرموں کی سزا کیخلاف اپیل پر فریقین کے وکلاء حتمی بحث کے لئے طلب

پیر 30 نومبر 2015 21:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر برسی حملہ کیس میں سزا پانے والے چار مجرموں کی سزا کے خلاف اپیل پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس ارم سجاد گل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مجرموں محمد عدیل، فرقان، افتخار اور کاشف منیر کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

اپیل کنندگان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے رواں برس جولائی میں اپیل کنندگان کو قید اور چالیس ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا کاحکم سنایا ہے، ٹرائل کورٹ نے اپیل کنندگان کو سلمان تاثیر کی برسی کے شرکاء پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزموں کو حقائق کے منافی اور ناکافی شواہد کے باوجود سزائیں سنائی ہیں لہٰذا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم کرتے ہوئے اپیل کنندگان کو بری کرنے کاحکم دیا جائے۔ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل خرم خان نے عدالت کوبتایا کہ ٹرائل کورٹ نے ٹھوس شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں میرٹ پر اپیل کنندگان کو سزائیں سنائی ہیں۔عدالت نے مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا ۔

متعلقہ عنوان :