بلاول بھٹو زرداری ہی نوجوانوں کے لیڈر ہیں اور وہی عوام کو پٹواریوں اور کھلاڑیوں کی سیاست سے نجات دلائیں گے،پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان کا جلسے سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ہی نوجوانوں کے لیڈر ہیں اور وہی عوام کو پٹواریوں اور کھلاڑیوں کی سیاست سے نجات دلائیں گے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے شہید بی بی کی تصویر ہٹا کر بھی لوگوں کے دلوں سے بے نظیر بھٹو کی محبت کو کوئی نہیں نکال سکتا ہے ۔

2013 ء کے انتخابات میں شیر پر ٹھپہ لگواکر جیتنے والے بتائیں کہ کیا ملک میں بجلی آ گئی ۔ نندی پور پروجیکٹ کا ڈرامہ رچا کر اس منصوبے کو بھی فیل کر دیا گیا ہے،وہ پیر کوملیر میں یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب کررہی تھیں، انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا گلدستہ ہے ۔ ہم نے سندھ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اب کراچی میں بھی کامیابی حاصل کریں گے، جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہو گئی ہے ، وہ یہ سمجھ لیں کہ وفاق کی زنجیر صرف پیپلز پارٹی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قربانیاں دیتے رہیں گے ۔ اب آگے ملک کے مستقبل کی کمان بلاول بھٹو سنبھالیں گے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم کی کرسی پر بٹھائیں گے ۔ روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرے کو عملی جامہ ہم پہنائیں گے ۔

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے کہا کہ مذہبی انتہا پسند اور لندن میں بیٹھ کر خون میں رنگنے کی باتیں کرنے والے سمجھ لیں کہ عوام ان پر زمین تنگ کر دے گی ۔ اب کراچی میں بندوق کی نہیں بلکہ قلم کی بات ہو گی ۔ 5 دسمبر کو ملیر اور دیگر علاقوں میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔ پیپلز پارٹی فاٹا کے صدر اخوند زادہ چٹان نے کہا کہ کے پی کے میں تبدیلی کی باتیں کرنے والے سمجھ لیں کہ تبدیلی اچھل کود سے نہیں بلکہ قربانیاں دینے سے حاصل ہوتی ہے، پیپلز پارٹی ملیر کے صدر راجہ رزاق نے کہا کہ ملیر کے لوگ کل بھی شہید بھٹو اور شہید بی بی کے ساتھ تھے اور آخری دم تک وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رہیں گے،پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس جماعت کا نام ہے ، جو کبھی ختم ہونے ولای نہیں ہے۔