حضرت شاہ فضل الدین چشتی شکوری نیازی ؒ کے تریپن ویں عرس پر گلبہارمیں تقریب کا انعقاد

حاجی مرزامحمدمبین بیگ کے زیرصدارت تقریب میں علماء ومشائخ اور دیگراہم شخصیات کی شرکت، شہر میں امن وترقی کے لئے دعا

پیر 30 نومبر 2015 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) پیر طریقت حضرت شاہ فضل الدین چشتی شکوری نظامی نیازی ؒ کا تریپن واں سالانہ عرس مبارک منایاگیا، اس سلسلے میں عرس مبارک کی عظیم الشان تقریب فضل الدین چوک، محمدآباد، گلبہارمیں پاکستان اسلامک فورم کے رہنما، یاسین شکوری ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین اور یوسی۔50ضلع وسطی سے چیئرمین کے امیدوارحاجی مرزامحمدمبین بیگ کے زیرصدارت منعقدہوئی جس سے خطاب میں مقررین نے صاحب عرس حضرت شاہ فضل الدین شکوری ؒ کے حالات زندگی، پرہیزگاری اور کرامات بیان کئے اور موجودہ دورمیں پھیلی نفسانفسی اور افراتفری کے خاتمے کے لئے بزرگان دین کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر زوردیا۔

تقریب کا آغاز صاحبزادہ حافظ قاضی اسداﷲ ترابی نے تلاوت کلام پاک سے کیا،ممتازثناء خواں سیدعمیر سمیع شاہ نے ہدیہء نعت ومنقبت پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی جے یوپی کے رہنمااور یوسی۔51سے امیدوارچیئرمین سیدبرکت علی ایڈوکیٹ اور مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارکے جنرل سیکریٹری ذاکر ناصرتیلی تھے،جبکہ خطیب مرکزی عیدگاہ وجامع مسجد قاضی حافظ ابوعمیر عظیم اﷲ شریفی، مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزرمحمدسلیم خان قادری ترابی ، ڈاکٹرسلیمان انصاری، ممتازعلی خان، عدنان بھائی، مرکزی انجمن جشن عید میلادالنبی ﷺ کے وائس چیئرمین ناصر حسین خان، شاکر حسین انصاری، مولاناامانت علی قادری، معین الدین، سلیم الدین، نظام الدین، مقیم نقشبندی، آصف خاں نقشبندی، ارشادعزیزسمیت دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔

تقریب کے آخرمیں کراچی میں امن ،ترقی ، خوشحالی کے لئے نہایت خشوع وخضوع سے دعاکی گئی۔