پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز سے بچاوٴ کا عالمی دن منایا گیا

منگل 1 دسمبر 2015 11:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں منگل کو ایڈز سے بچاوٴکا عالمی دن منایا گیا ۔ایڈزکا مرض دنیا کی چوتھی بڑی بیماری کے طور پر سامنے آرہا ہے اوراس وقت پوری دنیا میں تقریباچارکروڑ افراد ایچ ائی وی وائرس کاشکار ہیں۔اقوام متحدہ کے تحت ایڈزکا عالمی دن پہلی مرتبہ 1987ء میں منایا گیا ،یہ دن منانے کا مقصد عوام میں اس مہلک مرض سے بچاوٴکیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور و آگاہی پید اکرنا ہے۔

ایک سروے کے مطابق ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں جنوب ایشیائی ممالک میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔پاکستان میں ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے افراد ہیں جو اپنی بیماری سے متعلق آگاہی نہیں رکھتے ،،ایڈز کا علاج بروقت تشخیص اور احتیاط کے ساتھ ساتھ مثبت رویہ اپنائے بغیر ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایڈز انسانی جسم کی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت اس قدر کم کردیتا ہے کہ وہ جراثیم بھی جو عام طورپر بیماری پیدا کرنے کے بھی قابل نہیں ہوتے، بیماریوں کاباعث بنناشروع ہوجاتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق سال2014کے اختتام تک دنیا بھرمیں 36اعشاریہ9 ملین افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہوئے۔ افریقہ،یورپ، امریکہ میں اس مرض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ کچھ کیسز ایشیائی ممالک میں بھی رپورٹ ہوئے۔اقوام متحدہ کے ایڈز سے متعلق کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ماما دو ایل سیکو نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا سے ایڈز کے وائرس کا خاتمہ ممکن ہے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصے کے طورموثر کوششوں کے ذریعے ہم سال 2030ء تک دنیا سے ایڈز کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم ایڈز کے موقع پر ہم کمیونٹی کے ایچ آئی وی ٹیسٹنگ سسٹم کی مدد سے تیزی کے ساتھ انسداد ایچ آئی وی پر تیزی سے عمل پیرا ہیں جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول حکومتوں، اقوام متحدہ کے اداروں، نجی شعبہ، مذہبی رہنماء ، میڈیا اور سول سوسائٹی کو تعاون کرناچاہئے۔

متعلقہ عنوان :