فٹ ویئر انڈسٹری کیلئے بھی خصوصی مراعات متعارف کروائی جائیں، چیئرمین پی ایف ایم اے

منگل 1 دسمبر 2015 11:58

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) کے چیئرمین وسیم زکریا نے کہا ہے کہ جوتے تیار کرنے والی مقامی صنعت 5 لاکھ سے زائد افراد کو بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار فراہم کر رہی ہے جبکہ پاکستان میں تیار کئے جانے والے جوتوں کو عالمی مارکیٹ میں خطے کے دیگر برآمد کنندگان کے ساتھ سخت مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار کئے جانے والے جوتے معیار میں کہیں بہتر ہیں تاہم مقامی صنعت کو درپیش بعض مسائل کے دیگر ممالک سے سخت مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر برآمدی شعبوں کی طرح فٹ ویئر انڈسٹری کیلئے بھی خصوصی مراعات متعارف کروائی جائیں تاکہ ملکی برآمدات کو فروغ دیا جاسکے جس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔