روسی صدر داعش سے تیل کی تجارت بارے الزام کے ثبوت سامنے لائیں،رجب طیب اردوان

منگل 1 دسمبر 2015 11:58

انقرہ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم دسمبر۔2015ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے داعش سے تیل کی خریداری کے روسی صدر کے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روسی صدر کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں۔ وہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ایک پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے تھے جس میں صدر پیوٹن نے دعویٰ کیا تھا کہ ترکی کی طرف سے روسی لڑاکا طیارے کو مار گرائے جانے کے فیصلہ کا اصل مقصد داعش کے ساتھ تیل کی خریدوفروخت کیلئے ترک سرزمین کے استعمال کے معاملے کو چھپانا تھا۔

روسی صدر نے مزید کہا کہ ان کے پاس ایس معلومات ہیں کہ داعش تیل کی تجارت کیلئے ترک سرزمین استعمال کر رہی ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ روسی صدر اگر اپنے دعوے میں سچے ہیں تو وہ ترکی کے داعش کے ساتھ تیل کی خریدوفروخت میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے لائیں۔

(جاری ہے)

ترک صدر نے مزید کہا کہ اگر ان کے خلاف مذکورہ الزامات درست ثابت ہوئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے لیکن وہ روسی صدر سے یہ توقع بھی رکھتے ہیں کہ اگر وہ اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہ کرسکیں تو انہیں بھی سیاست چھوڑ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور روس بڑے تجارتی شراکت دار ہیں اور روسی قیادت کو جذباتی بیانات جاری کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :