اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا؛ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اللہ

منگل 1 دسمبر 2015 12:21

اٹک کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر(ڈی سی او)ضلعی رابطہ افسر اٹک چوہدری حبیب اللہ نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، گراں فروشی ، ملاوٹ ، خشک دود ھ کی ملاوٹ کر کے دہی فروخت کرنے والوں کے خلا ف نہ صرف قانونی و تادیبی کاروائی کی جائے گی بلکہ ایف آئی آر کا اندراج کر ا کرجیل یاترا بھی کرائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کے بعد ”آن لائن “کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے، اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ کنٹرولر( اے ڈی سی) اٹک مسز کنزہ مرتضیٰ ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اٹک ، ڈسٹرکٹ آفیسر ای اینڈ آئی پی اٹک محمد سعید طور، ضلعی سربراہان محکمہ لیبر اٹک ، محکمہ ہیلتھ اٹک ، محکمہ تعلقات عامہ کے ضلعی افسر اطلاعات شہزاد نیاز کھوکھر ، محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیر ی ڈویلپمنٹ اٹک ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اٹک ، ای ڈی او زراعت اٹک ، اسسٹنٹ کمشنر اٹک سید نذارت علی سمیت ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایکسٹرا ڈائریکٹر ایگری کلچر ما ر کیٹنگ حسن ابدال ، ایریا منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی حسن ابدال ، صدر انجمن تاجران اٹک راشد الرحمان خان ، جنرل سیکرٹری حافظ فضل الرحمان خان ، صدر و سیکرٹری انجمن تاجران ،حضرو، حسن ابدال ، پنڈی گھیب، فتح جنگ ، جنڈ، صدر و جنرل سیکرٹری میٹ اینڈ بیف ایسوسی ایشن ، صدر ہوٹل اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن میجر محمد اصغر، سبزی فروٹ ، منڈی کے نمائندگان ، حالیہ بلدیاتی انتخابات میں میونسپل کمیٹی بلدیہ اٹک کے وارڈ نمبر14سے سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق گروپ کے کامیاب ہونے والے نومنتخب جنرل کونسلروسٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق گروپ اٹک حاجی محمد اکرم خان ، سٹی صدر پی پی پی اٹک سید شجاعت حسین گیلانی، محمد اکبر خان یوسف زئی ، سید قمر الدین ، چیئرمین اٹک پریس کلب (رجسٹرڈ) ندیم رضا خان ،چےئرمین آل پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ضلع اٹک ہشام خان اعوان ،ڈپٹی چیئرمین طاہر نقاش کے علاوہ ضلع بھر سے صارفین اور تاجروں کے نمائندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر (ڈی سی او)ضلعی رابطہ افسر اٹک چوہدری حبیب اللہ نے کہا کہ اجلاس میں دہی کے ریٹ میں 5روپے اضافہ ، چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتیں برقرار رکھنے کے علاوہ روٹی اور نا ن کے وزن پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر ان کی قیمتیں بھی برقرار رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو دہی کے نمونے اور مختلف اشیائے خوردونوش کی چیکنگ کے دوران گراں فروشی کے مرتکب افراد کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح کے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں ہیں، اس کے علاوہ چاول کی تھوک قیمت میں فی کلو 10روپے، چینی کی تھوک قیمت میں فی کلو3روپے اور دالوں میں 10سے 15روپے فی کلو منافع دینے کی تجاویز منظور کی گئیں ہیں، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر(ڈی سی او)ضلعی رابطہ افسر اٹک چوہدری حبیب اللہ نے اپنے دفتر میں منعقدہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کے بعد ” آن لائن “کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے ماہانہ اجلاس میں آٹے کے تھیلا کا ایکس مل ریٹ 765روپے اور پرچون ریٹ 785روپے ، گھی ہول سیل ریٹ میں 3روپے منافع کے ساتھ 145 روپے، جبکہ ضلع چکوال میں یہ منافع فی کلو 2روپے دیا جا رہا ہے،اس کے علاوہ چاول سپر کرنل نیا 130 روپے، چاول سپر کرنل پرانا 145 روپے، چاول اری 45روپے ، چھوٹا گوشت 440روپے ، بڑاگوشت 220 روپے، چینی ہول سیل ریٹ سے فی کلو پرچون 3روپے منافع کے ساتھ ،دال چنا موٹی 72روپے ، دال چنا باریک 65روپے ، دال مسور دھلی ہوئی 110روپے سے 120روپے تک ، دال ماش کرم 130روپے ، دال ماش برما 110 روپے، دال مونگ دھلی ہوئی 130روپے سے 140روپے تک، سفید چنا چھوٹا 65روپے ، سفید چنا درمیانہ 75روپے ، سفید چنا موٹا100روپے ، سرخ مرچ 180سے 200روپے فی کلو تک ، دودھ 70روپے فی لیٹر اور دہی کی قیمت 70روپے سے بڑھا کر 75روپے فی لیٹر ،بیسن 80روپے فی کلو ، تندوری روٹی 120گرام 6روپے ، تندوری نان سادہ 120گرا م 7روپے ، چائے کا فی کپ 12روپے ، سموسہ فی عدد 12روپے اور پکوڑے 180روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، آخر میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر (ڈی سی او)ضلعی رابطہ افسراٹک چوہدری حبیب اللہ نے دہی فروشوں کی جانب سے دہی کا ریٹ 90روپے فی کلو کرنے اور چھوٹے اور بڑے گوشت کا کاروبار کرنے والوں کی جانب سے بھی ریٹ بڑھانے کی تجاویز کو صارفین کے نمائندوں کی رائے کے احترام میں مسترد کر دیا ہے جبکہ مذکورہ بالا اشیائے خوردونوش کے نرخوں سے مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی و تادیبی کاروائی کی جائے گی اورمہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرانے والوں کو سخت جرمانے کرنے کے علاوہ جیل کی یاترا بھی کرائی جائے گی ۔