حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم پرسوں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

منگل 1 دسمبر 2015 12:51

لاہور/اسلام آباد/کراچی/پشاور/کوئٹہ( (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) )نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم جمعرات بمطابق 20صفرالمظفر کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا ۔ اس دن کی مناسبت سے مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینار اور مجالس عزا کا اہتمام ہو گا، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزئیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا جن میں علما ء اور ذاکرین شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔

حکومت کی طرف سے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی طرف سے امن و امان کے تناظر میں دفعہ 144کا نفاذ کر کے تین دسمبر کوصوبہ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے ۔

محکمہ پولیس کے ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں ڈیمانڈ کے مطابق نفری تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ پنجاب میں 46ہزار963اہلکار ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے ۔ پنجاب میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر 554جلوس اور 987مجالس عزا برپا ہوں گی جبکہ ان مقامات پر اے ، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں 92مقامات کوحساس قرار دیا گیا ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کے 20اضلاع میں فوج کی 39کمپنیاں اسٹینڈ بائی رہیں گی ۔ ذرائع کے مطابق حساس شہروں میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی ۔ وفاقی دارالحکومت ،آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت باقی صوبوں میں بھی چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں ضرور اقدامات اٹھانے کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ امن و امان کے تناظر میں تمام صوبوں میں کنٹرول رومزبھی قائم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :