Live Updates

ایس آراو کے ذریعے ”مہنگائی بم “گرانے سے ثابت ہو گیا حکومت کی نظر میں پارلیمنٹ کو کوئی حیثیت نہیں‘ پی ٹی آئی

منگل 1 دسمبر 2015 12:51

لاہور( (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) )تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام پر ایس آراو کے ذریعے 40ارب کے ٹیکسز کا ”مہنگائی بم “گرانے سے ثابت ہو گیا حکومت کی نظر میں پارلیمنٹ کو کوئی حیثیت نہیں،ایک طرف وزیر خزانہ غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادھ رہے ہیں اوردوسری طرف امریکی سفارتخانے کوسکیورٹی آلات کی درآمد پر ٹیکس میں چھوٹ دی جارہی ہے ،اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی سے حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے ۔

اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہدف کے مقابلے میں ٹیکس ریکوری میں شارٹ فال حکومت کی ناکامی ہے لیکن اسے تسلیم کرنے کی بجائے دوبارہ غریب کی گردن پر ہی ڈالا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کے کئی دروازے کھل گئے ہیں جس کی وجہ سے ہر سیکٹر تباہ کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی بڑھتی ہوئی شاہ خرچیوں کو پورا کرنے اوراناء کی تسکین کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں کے لئے عوام کا خون تک چوس رہے ہیں جس کا ان سے ضرور حساب لیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اپنا کوئی وژن نہیں اس کی اقتصادی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آنے کا دعویٰ تو کیا جاتا ہے لیکن اسی کی نمائندہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی بجائے ایس آر او کے ذریعے مہنگائی بم گرا دیا گیا ۔ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت قائم ہے اور ہر ہفتے نئے ایس آو ار کااجراء اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

جمشیداقبال چیمہ نے مزید کہا کہ حکومت کے چالیس ارب کے ٹیکسز لگانے سے اقدام سے قومی خزانے کو بجائے فائدہ ہونے کے مزید نقصان ہوگا کیونکہ اس سے سمگلنگ میں کئی گنااضافہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد حکمرانوں کے ذاتی مفاد میں تشکیل دی جانے والی تمام پالیسیوں کوختم کر کے ملک و قوم کے مفاد میں از سر نو پالیسیاں تشکیل دے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات