پاکستان کا افغانستان میں سکیورٹی کی خراب ہوتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

منگل 1 دسمبر 2015 12:59

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے افغانستان میں سکیورٹی کی خراب ہوتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت میں موجود اندرونی اختلافات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں واضح کامیابیاں حاصل ہوئیں لیکن دہشت گردوں کے خلاف جاری اس آپریشن میں افغانستان کے عدم تعاون پر مایوسی ہوئی‘ افغانستان کے تعاون کے بغیر آپریشن کے مکمل اہداف حاصل نہیں ہوسکتے‘ عالمی برادری پاکستان میں تیس لاکھ افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا مسئلہ حل کرے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے میں اظہار خیال کررہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے افغانوں پر مشتمل مذاکراتی امن عمل میں معاونت کے لئے تیار ہے لیکن کابل کو پاکستان مخالف بیان بازی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان حکومت کے لئے بہتر ہے کہ وہ اپنی اندرونی کمزوریوں کو خود حل کرے افغانستان میں پائیدار استحکام کے لئے امن مذاکرات واحد حل ہیں۔ افغان قومی مصالحت افغانستان میں دہشت گرد تنظیم داعش کو داخلے سے روکنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان جماعتیں خود عالمی رائے عامہ سے دور ہورہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :