لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود نابینا بزرگ گداگروں کو ماہانہ وظیفہ نہ دینے اور انکی پکڑدھکڑ کا سلسلہ جاری رکھنے پر ڈی سی او لاہور کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2015 13:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 نومبر۔2015ء) عدالت کے روبرو نابینا بزرگ گداگروں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے اہل خانہ نے انہیں نابینا ہونے کی بنا ءپر گھروں سے نکال دیا،،،وہ اپنی گزر بسر کے لئے ٹولی کی شکل میں مانگ کر گزارا کرتے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ پولیس کے ذریعے انہیں پکڑ کے تھانے میں بند کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عدالت عالیہ نے ڈی سی او لاہور کو بزرگ گداگروں کو ماہانہ وظیفہ ادا کرنے اور انکی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود انہیں نہ تو ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے اور مانگنے پر پکڑ کر حوالات میں بند کر دیا جاتا ہے جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔جس پر عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود نابینا بزرگ گداگروں کو ماہانہ وظیفہ نہ دینے اور انکی پکڑدھکڑ کا سلسلہ جاری رکھنے پر ڈی سی او لاہور کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی سی او لاہور سے دس دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔