پاک بھارت سربراہان کو بان کی مون کی جانب سے مذاکرات کی تجویز ، حریت کانفرنس کا خیر مقدم

منگل 1 دسمبر 2015 13:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) حریت کانفرنس ” ع“ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسٹر بانکی مون کی پاک بھارت سربراہان کو حل طلب مسائل کے حلے کے ضمن میں مذاکراتی راستہ اختیار کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف کا بیان حریت کانفرنس کے اس موقف کے عین مطابق ہے کہ دونوں جوہری ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے چلے آرہے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اور جملہ حل طلب مسائل کو حل کرنے کے لئے بامعنی مذاکرات ہی واحد راستہ ہے بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کی اس ضمن میں دونوں ممالک کو اعانت فراہم کرنے کی بات حریت کے اس موقف کی تائید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے کسی تیسرے فریق کو ثالثی ناگزیر ہے ۔