چینی یوآن عالمی ریزرو کرنسی گروپ میں شامل ہوگا

منگل 1 دسمبر 2015 13:55

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے چین کی کرنسی یوآن کو مالیاتی فنڈ کے بین الاقوامی ریزرو کرنسی گروپ کا حصہ بنانے کے اعلان کیا گیا ہے۔بین الاقوامی کرنسی ریزرو گروپ میں اب تک صرف امریکی ڈالر، یورو، جاپانی ین اور برطانوی پاوٴنڈ شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ چینی کرنسی اس درجے کے لیے درکار تمام شرائط پر پوری اترتی ہے اور وہ اکتوبر 2016 سے اس گروپ کا حصہ بن جائے گی۔

ادارے کی سربراہ کرسٹین لگارڈ نے کہا ہے کہ یہ ’چینی معیشت کو عالمی مالیاتی نظام کا حصہ بنانے کے عمل میں اہم سنگِ میل ہے۔‘انھوں نے رواں ماہ کے اوائل میں بھی یوآن کی اس گروپ میں شمولیت کی حمایت کی تھی۔دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں امریکہ کے بعد دوسرا نمبر چین کا ہے۔

(جاری ہے)

چین نے گذشتہ سال یوآن کو عالمی ریزرو گروپ کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

یوآن کے اب تک اس گروپ کا حصہ نہ بننے کی وجوہات بیجنگ کی جانب سے برآمد کنندگان کی مدد کی غرض سے یوآن کی قدر مصنوعی طور پر کم رکھنے کا خدشہ اور طے شدہ ضوابط پر پورا نہ اترنا رہیں۔تاہم چینی حکام نے یوآن کو بین الاقوامی ریزرو گروپ کا حصہ بنانے اور اس کے لیے حمایت حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اس گروپ میں چینی کرنسی کی شمولیت محض علامتی ہو گی۔