امریکہ کو بیرونی دہشتگردوں سے زیادہ اندرونی دہشتگردوں سے خطرہ

2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد امریکی سرزمین پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سے دو تہائی (66 فیصد) حملے بالادستی اور بڑھائی کے دعویدار گورے انتہا پسندوں نے کیے،تھینک ٹینک نیو امریکہ فاؤنڈیشن

منگل 1 دسمبر 2015 14:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) پیرس حملوں کے بعد امریکا میں ایک جانب جہاں ریپبلکن پارٹی کے سیاستدان ملک میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شامی پناہ گزینوں کے داخلے پر پابندی کی بات کر رہے ہیں، تو دوسری جانب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے امریکا کو بیرونی دہشت گردوں سے نہیں بلکہ اندرونی دہشت گردوں سے زیادہ خطرہ ہے۔

تھنک ٹینک ’نیو امریکا فاوٴنڈیشن‘ کی رپورٹ کے مطابق 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد امریکی سرزمین پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سے دو تہائی (66 فیصد) حملے بالادستی اور بڑھائی کے دعویدار گورے انتہا پسندوں نے کیے۔رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نسل پرست 'گوررووں' کے حملوں میں 48 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں میں 26 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں۔

(جاری ہے)

نیو امریکا فاوٴنڈیشن کے سینئر پروگرام ایسوسی ایٹ ڈیوڈ اسٹرمین نے امریکی نیوز ویب سائٹ ’واکس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عام تاثر یہ ہے کہ امریکا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی دہشت گردوں کا ہاتھ ہوتا ہے، جس کی بڑی وجہ یہ ہے نائن الیون حملوں میں بیرونی دہشت گرد ملوث تھے، لیکن اس کے بعد امریکی سرزمین پر رونما ہونے والے دہشت گرد واقعات کا مشاہدہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے اب تک دہشت گردی کے 330 واقعات میں سے 80 فیصد واقعات میں امریکی شہری ہی ملوث تھے۔

نیو امریکا فاوٴنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملوں کے بعد امریکا میں دہشت گردی کے 26 خونریز واقعات پیش آئے، جن میں سے 7 میں اسلامی شدت پسند ملوث پائے گئے اور دیگر 19 واقعات میں دائیں بازو کے انتہا پسند ملوث تھے، جبکہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس میں بیرونی دہشت گرد ملوث پائے گئے ہوں۔

متعلقہ عنوان :