برطانیہ نے بھی شام میں براہ راست فضائی حملوں کے لیے تیاریاں شروع کردیں

شام میں دولت ِ اسلامیہ پر فضائی حملوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں بدھ کو رائے شماری کی جائے‘برطانوی وزیراعظم

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2015 14:48

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔یکم دسمبر۔2015ء) برطانیہ بھی شام میں براہ راست فضائی حملوں کے لیے تیاریاں کررہا ہے ‘برطانیہ کے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ پر فضائی حملوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں بدھ کو رائے شماری کی جائے۔حزبِ اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن نے اس معاملے پر دو روزہ بحث کا مطالبہ کیا تھا تاہم پیرس سے واپسی پر ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ بحث کے لیے ایک دن کافی ہے۔

تاہم جیریمی کوربن نے اپنی جماعت کے ارکانِ پارلیمان کو معاملے کی حمایت یا مخالفت کے لیے پابند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈیوڈ کیمرون نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں فضائی حملوں کے حامیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور کوربن کا فیصلہ ’درست اور قومی مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

تاہم جیریمی کوربن نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ میں دو دن بحث کرنے سے انکار سے ظاہر ہے کہ ان کا موقف کمزور ہے۔

انھوں نے ڈیوڈ کیمرون سے کہا کہ وہ ’جنگ میں کودنے کے لیے جلدی نہ کریں۔خیال رہے کہ کیمرون پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ شام میں دولتِ اسلامیہ پر فضائی حملے ملک کے ’قومی مفاد‘ میں ہیں۔برطانوی دارالعوام میں گذشتہ جمعرات کو اپنے خطاب میں انھوں نے ان خیالات کو بھی رد کیا تھا کہ ایسا کرنے سے برطانیہ دہشت گردی کی کارروائیوں کا بڑا ہدف بن سکتا ہے۔

اپنی تقریر میں ڈیوڈ کیمرون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’برطانیہ اپنے تحفظ کی ذمہ داری اپنے اتحادیوں پر نہیں ڈال سکتا‘ اور اسے فرانس کا ساتھ دینا ہوگا۔خیال رہے کہ برطانوی پارلیمان کے ارکان سنہ 2013 میں شام کی حکومتی افواج کے خلاف فضائی حملوں کی مخالفت کر چکے ہیں تاہم انھوں نے بعدازاں عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی تھی۔

حکومت کا موقف ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کو عراق تک محدود رکھنا ’غیر منطقی‘ ہے کیونکہ یہ تنظیم عراق اور شام کی سرحد کو تسلیم ہی نہیں کرتی۔واضح رہے کہ نیٹوکا رکن ہونے کی حیثیت سے برطانیہ پہلے ہی شام کی جنگ میں شریک ہے مگر برطانوی وزیراعظم پارلیمنٹ سے فرانس اور روس کی طرح برطانوی پارلیمنٹ سے برطانوی ائیرفورس کے براہ راست حملوں کے خواہش مند ہیں -