چنا اور مسور کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک اہم ہے۔ ڈاکٹر عزیز الرحمن

منگل 1 دسمبر 2015 15:21

فیصل آباد۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہر ڈاکٹر عزیزالرحمن نے بتایاہے کہ چنا اور مسور کی فصلوں کی منافع بخش کاشت میں جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک نہایت اہم ہے۔ جڑی بوٹیوں سے متاثرہ کھیتوں میں چنے و مسور کی پیداوارمیں کمی ممکن ہے لہٰذازیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ان جڑی بوٹیوں کی تلفی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ چنے اور مسور کی فصل کو پہلے دومہینوں تک جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں کیونکہ بعد میں اگنے والی جڑی بوٹیاں زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنتیں۔ چنے اور مسور کی فصل میں دو سے تین گوڈیاں ضرور کریں جن میں سے پہلی گوڈی کاشت کے 30سے40دن بعد اور دوسری بوائی کے 70سے80دن بعد کرنی چاہیے ۔گوڈی سے نہ صرف جڑی بوٹیاں تلف ہوتی ہیں بلکہ زمین میں وتر بھی زیادہ دیر تک محفوظ رہتا ہے اور چنے اور مسور کی فصلوں کے پودوں کی نشوونما میں بہتری آتی ہے جس سے پیداوار میں اضافہ ہوجاتا ہے۔