351 اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ سمگلنگ کے فروغ کا باعث بنے گا ، ناصر حمید خان

منگل 1 دسمبر 2015 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔۔یکم دسمبر۔2015ء) ممبرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخان،چیئرمین اینٹی سمگلنگ کمیٹی وفاقی ایوان ہائے تجارت نے 351درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاجروں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسٹم ڈیوٹی ان آئٹموں پر بڑھا رہی ہے جن کی سمگلنگ زیادہ ہے تاکہ ان اشیاء کی سمگلنگ میں اضافہ اور کسٹم حکا م زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔

یہ کسٹم حکام کا گورکھ دھندہ ہیں اور جو تاجر قانونی طریقہ اور ایمانداری سے ٹیکس ادا کرکے بیرون ممالک سے اشیاء منگواتے ہیں انہی پر ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ کردیا گیا جو تاجروں کیلئے ناقابل قبول ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت قانونی طریقہ اور ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر اشیاء کی درآمدات ختم کرنا چاہتی ہیں جبکہ سمگلر یہی مال انتہائی کم قیمت پر مارکیٹ میں سپلائی کرینگے جس کی وجہ سے ایماندار تاجر برادری اشیاء کی قیمتوں میں ان کا مقابلہ نہیں کرسکے گی اور انہیں مالی مشکلات کاسامنا کرنا پڑے گا ۔ناصر حمید نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام تاجروں کو مارنے کے مترادف ہے اس لیے حکومت فی الفور درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی واپس لے تاکہ تاجر برادری سمگلروں کا مقابلہ کرکے ایمانداری سے اپنا کاروبار کرسکیں۔