چہلم امام حسین کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات میں علماء ،تاجروں،صحافیوں و شہریوں کا انتظامیہ سے تعاون لائق تحسین ہے ،سقراط امان رانا

سیکیورٹی سمیت دیگر خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں عوام انتظامیہ و معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ ایک پیج پر ہوں تو نتائج یقینا بہتر ہونگے، ڈی سی او اوکاڑہ

منگل 1 دسمبر 2015 16:53

اوکاڑہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء )ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن آفیسر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات میں علماء کرام ،تاجروں،صحافیوں اور شہریوں کا انتظامیہ سے تعاون لائق تحسین ہے سیکیورٹی سمیت دیگر خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں عوام انتظامیہ اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ ایک پیج پر ہوں تو نتائج یقینا بہتر ہوں گے ہم سب کا مطمعء نظر لوگوں کو احسن انداز میں بہترین سروس کی فراہمی ہے جس کے لئے ہمیں مل جل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ممبرا ن امن کمیٹی اور ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ڈی سی او سقراط امان رانا نے کہا کہ ہم نے امن کو برقرار رکھنے ،بھائی چارہ کی فضا کو مزید پروان چڑھانے کے لئے جو بھی اقدامات کرنے ہیں ان کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امن کمیٹی کی کاوشوں سے آگاہ ہو سکیں ویجیلینس کمیٹی بھر پور توانائی سے امن کو پروان چڑھانے کے لئے کام کرے ڈی سی او آفس میں سنٹرل کنٹرول روم سے متعلق انہوں نے بتایا کہ چہلم کے مرکزی جلوس کی جانب سے سیکیورٹی کے بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں سی سی ٹی وی کمیروں کے ذریعے جلوس پر نظر رکھی جائے گی مانیٹرنگ روم میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر دسترس رکھنے والے افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ کنٹرول روم بہتر اندا ز میں خدمات سر انجام دے سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے سلسلہ میں ہوم ڈیپارٹمنٹ نے جو ہدایات جاری کی ہیں ان پر سو فیصد عمل در آمد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر تجاوزات کو ہٹانے ،صفائی ستھرائی ،شام کے وقت لائٹنگ اور جنریٹر سے متعلق متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔چہلم کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی ہو گی انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے سلسلہ میں علماء مشائخ ،صحافیوں اور سول سوسائٹی کی قابل عمل تجاویز پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔اس موقع پر قائمقام ڈی پی او سعود مگسی نے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان سے متعلق بریفنگ دی ۔