تبدیلی کے خواہاں عوام موروثی سیاست سے تنگ آچکے،برسوں سے دھونس دھاندلی کے ذریعے ملک پر قابض حکمران اب عوام کو کھوکھلے نعروں پر دھوکہ نہیں دیسکتے، اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کامیابی سے ثابت ہوا کہ اب(ن) لیگ کی اجارہ داری نہیں چلی گی،رہنماء تحریک انصاف افتخار علی مشوانی

منگل 1 دسمبر 2015 17:30

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء ) رُکن صوبائی اسمبلی و ڈیڈک کمیٹی مردان کے چئیرمین افتخار علی مشوانی نے کہا ہے کہ عوام تبدیلی کے خواہاں موروثی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، برسوں سے دھونس دھاندلی کے ذریعے ملک پر قابض حکمران اب مزید عوام کو کھوکھلے نعروں پر دھوکہ نہیں کرسکتے، اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کامیابی سے ثابت ہوا کہ اب پنجاب میں ن لیگ کی اجارہ داری مزید نہیں چلی گی،عوام تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دینے لگے،کیونکہ عوام جان گئے کہ ذرادی اور شریف خاندان سیاست ملک وقوم کیلئے بلکہ اپنے اپنے بزنس بڑھانے کیلئے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں بدقسمتی سے سابقہ حکمرانوں نے چند دن کے اقتدار کیلئے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں لوگوں کی قسمت اور ذندگی کو داو پر لگادیا۔ روز بروز نئے ٹیکس عائد کئے جاتے ہیں۔ اور عوام کو معاشی طور پر قتل کیا جارہا ہے۔ملک میں غریب نادار لوگوں کی کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور قابلیت صرف پی ٹی آئی کی قیادت کے پاس ہی ہے۔