ہنگو، ٹی ایم اے آفس کے ملازمین کاتنخواہوں کی بندش اور مراعات نہ ملنے پر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 1 دسمبر 2015 17:30

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) ٹی ایم اے آفس ہنگو کی ملازمین کاتنخواہوں کی بندش اور دیگر مراعات نہ ملنے پر تحصیل ناظم کی سربراہی میں ہنگو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، صوبائی حکومت ٹی ایم اے ہنگو کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے،عرصہ دراز سے ٹی ایم اے ہنگو کے ملازمین تخواہوں اور دیگر مراعات سے محروم ہے،ہمیں ایسی تبدیلی نہیں چاہیئے جس میں ملازمین اپنے حقوق سے محروم ہوں، اگر ایک ہفتے تک ہمارے مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو ہم ٹی ایم اے ہنگوکی مکمل تالہ بندی کریں گے۔

منگل کو تحصیل ناظم عامر غنی ،سابق تحصیل ناظم امین اﷲ،صلاح الدین اور ملک طفیل ودیگر نے احتجاجی مظاہرے کے دوران اور بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں ٹی ایم اے کے درجنوں ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل ناظم عامر غنی نے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے بھی تمام مسائل کے بارے میں صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے لیکن صوبائی حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی ۔

تبدیلی کے دعویداروں نے ٹی ایم اے کے غریب ملازمین کے لئے کچھ خاطر خوا ہ اقدامات نہیں کئے ہیں اور ٹی ایم اے ہنگو کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک رواں رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین ماہ سے ٹی ایم اے ہنگو کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہے جس کی وجہ سے ان کے گھر کے چھولے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ٹی ایم اے کے ملازمین ہمارے ہاتھ پاؤں ہے اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

محرم الحرام کے دوران صوبائی حکومت کی طرف سے ہنگو ٹی ایم اے کو کوئی فنڈ نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایمر جنسی صورتحال میں صوبائی حکومت ہمارے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہا ۔ہم تمام ترذمہ داریاں اور دیگر مسائل اپنی مدد آپ کے تحت حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔مظاہرے کے دوران تحصیل ناظم عامر غنی اور ٹی ایم اے کے ملازمین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ہمارے مطالبات پر غور کریں۔اگر ہمارے مطالبات پر ایک ہفتے کے دوران غور نہ کیا گیا تو ہم ٹی ایم اے ہنگو کی مکمل تالہ بندی کر کے احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔