شہدادپور ،سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود شہری علاقوں میں شامل کی گئیں دیہی علاقہ جات کو الگ نہیں کیا جا سکا

منگل 1 دسمبر 2015 19:37

شہدادپور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) سندھ میں حلقہ بندیوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود شہری علاقوں میں شامل کی گئیں دیہی علاقہ جات کو الگ نہیں کیا جا سکا ، الیکشن کمیشن آفس سانگھڑ کی جانب سے آویزاں کی گئی حلقہ بندیوں کی لسٹوں میں شہدادپور کی لسٹیں شامل نہیں ہیں ۔شہدادپور کے مختلف حلقوں کا سخت احتجاج ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں حلقہ بندیوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے الیکشن کمیشن کو من وعن عملدرآمد کرنے کا حکم دیا ہے لیکن ان احکامات کے باوجود ضلع سانگھڑ کے مختلف حلقوں بالخصوص شہدادپور میونسپل کمیٹی کے شہری علاقوں میں شامل کی گئیں دیہی علاقہ جات کو الگ نہیں کیا جا سکا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں شہر کے مختلف حلقوں نے شکایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن آفس سانگھڑ کی جانب سے آویزاں کی گئی حلقہ بندیوں کی لسٹوں میں شہدادپور کی لسٹیں شامل نہیں ہیں ۔

جبکہ الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت 3 ۔ دسمبر کو سپریم کورٹ میں کی جائے گی ۔جس کی جسٹس دوست محمد کی سربراہی میں 2 ۔ رکنی بنچ مقدمے کی سماعت کرے گا ۔اس مقدمے میں الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کو بھی فریق بنارکھا ہے ۔ الیکشن کمیشن سانگھڑ کی جانب سے شہدادپور کی حلقہ بندیوں کی لسٹوں کو آویزاں نہ کرنے پر شہدادپور کے سیاسی ، سماجی ، دینی حلقوں اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے شہدادپور کے شہری علاقوں میں شامل کی گئیں دیہی علاقہ جات کو فوری طور پر شہر سے الگ کیا جائے اور اعتراضات کی تاریخ میں اضافہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :