نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں کو مزید موثر بنانے کیلئے پولیس کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانا ہے‘محمد امین وینس

جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور ان کا ملکر مقابلہ کرنے کیلئے لاہور میں ایک نرو سنٹر بنایا جائے گا ،اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ گوجرانوالہ، فیصل آبادمیں کسی بھی جگہ لاہو رپولیس کے تعاون کی ضرورت ہو تو ہر وقت اس کیلئے تیار ہیں‘سی سی پی او لاہور کا اجلا س سے خطاب

منگل 1 دسمبر 2015 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں کو مزید موثر بنانے اور اشتہاریوں ،مفروروں اور سماج دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لئے ضلع کی سطح پر پولیس کا ایک دوسرے سے تعاون اور رابطہ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے جس کے بغیر معاشرے کے ناسوروں کو کیفر کردار تک پہنچانا آسان نہیں،ہمیں اپنے اتحاد سے ایک دوسرے کی طاقت کو بڑھاتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کے آفس میں لاہور سے ملحقہ اضلاع کے پولیس افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں آر پی او شیخوپورہ شہزاد سلطان ،ڈی آئی جی آپریشنز و انویسٹی گیشن لاہورڈاکٹر حیدر اشرف اور چوہدری سلطان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور حسن مشتاق سکھیرا،ڈی پی او شیخوپورہ سہیل ظفر، ڈی پی او اوکاڑہ رانا فیصل ، ڈی پی او قصور علی ناصر رضوی، ڈی پی او ننکانہ شہزادہ سلطان، ایس پی انویسٹی گیشن گوجرانوالہ محمد معصوم ، ایس پی سی آر او لاہور عمر ریاض چیمہ، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک ، ایس پی سکیورٹی لاہور کیپٹن (ر)ملک لیاقت، ایس پی اے وی ایل ایس لاہور ملک اویس، ایس پی آپریشن و انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن مستنصر فیروز اور فیصل مختارکے علاوہ مذکورہ بالا اضلاع کے سی آر او اور سی آئی اے کے اہلکار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کیے جانے والے سرچ آپریشنز سرحدی تھانوں میں مشترکہ طور پر کیے جائیں گے خاص کر لاہور سے ملحقہ اضلاع کی باؤنڈریز اور واقع تھانوں میں متعلقہ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نہ صرف مشترکہ طور پر یہ سرچ آپریشن کریں گے بلکہ ہفتہ وار مشاورتی اجلاس بھی کیا کریں گے جن میں جرائم پیشہ اور بدمعاشوں کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گاعلاوہ ازیں مذکورہ بالا اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں مشترکہ پولیس چیک پوسٹس بھی بنائی جائیں گی۔

سی سی پی او نے کہا کہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور ان کا ملکر مقابلہ کرنے کئے لئے لاہور میں ایک نرو سنٹر بنایا جائے گا اور ان اضلاع کے تمام ڈی پی اوز اس کے ممبر ہونگے جو اشتہاریوں مفروروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف ملکر کاروائی کرتے ہوئے ایک دوسرے کی طاقت میں اضافے کا سبب بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ گوجرانوالہ، فیصل آبادمیں کسی بھی جگہ لاہو رپولیس کے تعاون کی ضرورت ہو تو ہم ہر وقت اس کے لئے تیار ہیں آپکو ہماری ہر سطح پر سپورٹ حاصل رہے گی۔

اجلاس میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایسے اشتہاریوں ، مفروروں ، ڈاکوؤں اور بدمعاشوں جنہوں نے ایک سے زیادہ اضلاع میں وارداتیں کی ہونگی کی مشترکہ انویسٹی گیشن کی جائے گی جس کے لئے مذکورہ بالا اضلاع کے قابل اور محنتی پولیس افسران پر مشتمل ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے گی۔جو انویسٹی گیشن کے بعد جوائنٹ انویسٹی گیشن رپورٹ مرتب کرے گیااور یہ رپورٹ تمام اضلاع کے ڈی پی او ز کو بھیجی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع اپنے ایسے اشتہاریوں اور مفروروں یا مطلوب ملزموں جو دوسرے اضلاع کے رہائشی ہیں کی فہرست ان اضلاع کے ڈی پی او آفس کو فراہم کریں گے جو ان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے ویسی حکمت عملی تیار کرے گی جو وہ اپنے ضلع کے اشتہاریوں اور مفروروں کو گرفتار کرنے کے لئے کرتے ہیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ بالا تمام اضلاع کی سی آر او برانچز کو لاہور کے سی آر او ونگ سے منسلک کیا جائے گا اور یہ تمام اضلاع ایک دوسرے کے خطرناک ملزموں کی گرفتاری کے لئے یک جان ہو کر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :