Live Updates

وفا ق کی طرح راولپنڈی میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوں گے‘عمران خان

اپنی تقدیر بدلنے کیلئے راولپنڈی کی عوام کو 5 دسمبرکے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا الیکشن کمیشن صرف میرے دوروں پر پابندی عائد کررہی ہے ‘ سرکاری مشینری استعمال کرنے والے اور اربوں روپے کے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے،کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 21:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی طرح راولپنڈی میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوں گے‘ اپنی تقدیر بدلنے کیلئے راولپنڈی کی عوام کو 5 دسمبرکے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان صرف میرے دوروں پر پابندی عائد کررہی ہے ‘ سرکاری مشینری استعمال کرنے والے اور اربوں روپے کے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کی شام راولپنڈی میں ڈبل روڈ پر بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنے دورے کے موقع پر کارکنوں اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق ‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد‘ رکن قومی اسمبلی عارف عباسی‘ راشد حفیظ‘ راجہ محمد علی‘ ماجد رفیق عباسی ‘ حماد قریشی‘ سجاد عباسی و دیگر بھی تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا بلدیاتی الیکشن کے موقع پر راولپنڈی میں پہلا دورہ تنظیم کی گروپ بندی کا شکار ہوگیا اور صرف صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 14 کی چند یونین کونسلوں تک محدود رہا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں عمران خان کا استقبال کرنے کیلئے کھڑے رہ گئے۔ عمران خان نے ڈبل روڈ اور صادق آباد چوک پر اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر خزانہ کی جانب سے منی بجٹ کے اعلان کے بعد ملک میں مہنگائی کا مزید طوفان برپا ہوگا۔

راولپنڈی کے شہریوں کو سوئی گیس میسر نہیں لیکن وہ زائد بل بھرنے پر مجبور ہیں ۔ عوام پانچ دسمبرکو سرکاری مشینری اور دھونس و دھاندلی کی سیاست کرنے والوں کو مستر د کریں گے ۔ عوام اپنے حق کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے ضرور میدان عمل میں آئیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات