شمالی وزیر ستان ایجنسی کے قبائلی مشران کا مطالبات کے حق میں اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دھرنا شروع

منگل 1 دسمبر 2015 22:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) شمالی وزیر ستان ایجنسی کے قبائلی مشران نے اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دھرنا شروع کر دیا ہے ،قبائلیوں کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کی اجازت دی جائے،تمام مسمار شدہ گھروں اور تجارتی مراکز تعمیر کئے جائیں ،تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں قبائلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے ،تمام ہسپتالوں میں متاثرین کو علاج و معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں ،تمام بے گناہ قیدیوں کو جلد از جلد اور ہنگامی بنیادوں پر رہا کیا جائے ان خیالات کا اظہار قبائلی مشران عبدالخلیل حافظ فرہاد علی ،ملک غلام خان ،ملک نثار علی خان ملک رحمن اللہ گل زار خان اور ملک اکبر خان نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ شمالی وزیر ستان ایجنسی میں ضرب عضب کی وجہ سے لاکھوں قبائلی گذشتہ ڈیڈھ سال سے در بدرپھر رہے ہیں حکومت کا دعویٰ ہے کہ شمالی وزیر ستان ایجنسی کے 90فیصد علاقوں کو کلیئر کیا جا چکا ہے مگر ابھی تک قبائلیوں کو اپنے گھروں میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہمیں بے پناہ مسائل کا سامنا ہے انہوں نے کہاکہ اپنے مطالبات کے سلسلے میں ہم نے ہر دروازہ کھٹکٹایا ہے مگر کوئی بھی ہماری صدا سننے کیلئے تیار نہیں ہے لہذا ہم نے مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہو ں نے کہاکہ ہمارا حتجاج اس وقت تک جاری رہے گاجب تک ہمیں اپنے گھروں کو جانے کی اجازت نہ دی جائے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان

متعلقہ عنوان :