کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملک کی سلامتی وترقی کے تناظرمیں دیگر شہروں سے زیادہ اہم ہیں،لیاقت بلوچ

طویل عرصے سے پی پی پی اور ایم کیو ایم کی حکومت کے باوجود شہر ترقی اور امن سے محروم ہے،گلشن حدید اور دیگر مضافاتی علاقے کے عوام کو آج بھی بنیادی سہولتیں میسر نہیں، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

منگل 1 دسمبر 2015 22:53

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء)جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملک کی سلامتی وترقی کے تناظرمیں دیگر شہروں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔طویل عرصے سے PPPاور MQMکی حکومت کے باوجود کراچی ترقی اور امن سے محروم ہیں ۔گلشن حدید اور دیگر مضافاتی علاقے کے عوام کو آج بھی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔

ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید میں جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن)کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے پیر صاحبزادہ سلطان ،فیاض الحسن ،زیب سجادہ حضرت سلطان باہو ،مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر اسماعیل راہو اور دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤں کے علاوہ علاقے کے بلدیاتی امیدواروں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ ترقی وخوشحالی اور امن وامان کے لیے علاقے کی پانچوں یوسیز اسٹیل ٹاؤن ،گلشن حدید اور پپری میں جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ امیدواروں اور پینل کو ووٹ دیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور قومی معیشت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پاک چائناکوری ڈور اور گوادر ڈیپ سی پورٹ کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔

بین الاقوامی طاقتیں پاک چائنا کوری ڈور کو ناکام بنانے کی کوششیں کررہی ہیں لہذا حکومت اور سیاسی جماعتیں ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار اداکریں کیونکہ پاک چائنا کوری ڈور اور گوادر ڈیپ سی پورٹ اور پورٹ قاسم جیسے قومی منصوبے اور ادارے ملک کی معیشت کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔جماعت اسلامی اس حوالے سے ایسی تمام منفی کوششوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے پاکستان اسٹیل کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا کہ اس کی نج کاری نہیں ہونی چاہیے اس لیے کہ اس قومی ادارے کی نج کاری قومی مفاد کے خلاف ہے ۔اسٹیل مل کی بحالی اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ درست حکمت عملی اپنائی جائے ،اہل اور دیانت دار انتطامیہ ہو اور سیاسی مداخلت ختم کی جائے ۔اس طرح یہ ادارہ دوبارہ منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسٹیل مل کے ملازمین کو روکی ہوئی چار ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سکریٹری لیاقت بلوچ ملک کی تاریخ کی پہلی شہید خاتون پائلٹ اور ریٹائرڈ کرنل مختار کی صاحبزادی مریم مختار شہید کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات اور تعزیت کی ۔ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے شہید مریم مختار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کا نام اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔لیاقت بلوچ نے ان کے لیے دعائے مغفرت اور پس ماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی