پاکستان ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن نے سال 2016 ء کی سرگرمیوں کا روڈ میٹ تیار کر لیا

بدھ 2 دسمبر 2015 12:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء) پاکستان ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن نے سال 2016 ء کی سرگرمیوں کا روڈ میٹ تیار کر لیا ہے ، سال بھر کے دوران پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے ہینڈی کرافٹ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لئے سمینارز ، نمائشیں اور شوز منعقد کئے جائیں گے جن میں آرٹسٹوں اور دستکاروں کی ہاتھ کی بنائی ہوئی اشیاء رکھی جائیں گی۔

اس امر کا فیصلہ ہیپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو ایسوسی ایشن کے صدر محمد خورشید برلاس کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں بانی صدر پاکستان ہینڈ کرافٹ ایسوسی ایشن شریں ارشد، سینئر نائب صدر محمد عثمان ارشد خان، طاہرہ نسیم ، ڈاکٹر نسیم بیگ،مسز راج الہی رحمت ،حمیرا بخاری ، مومنہ عاصم اور دیگر سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محمد خورشید برلاس نے اس موقع پر سابق صدر شریں ارشد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی ہینڈ کرافٹس دنیا بھر پسند کی جاتی ہیں اور اگر محنت کشوں اور دستکاروں کی ہاتھوں کی بنی ہوئی اشیاء کو جدت اورویلو ایڈیشن کے ساتھ دنیا میں متعارف کرایا جائے تو ان کی مارکیٹنگ سے ان اشیاء کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ دستکاروں کے فن کو اگلی نسلوں کو منتقل کرنے کیلئے تربیتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے اور ایسے مواقع پیدا کئے جائیں گے جن سے دستکاروں کی آمدن میں اضافہ ہو اور ان کی تیارکی گئی اشیاء کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔

خورشید برلاس نے کہاکہ پاکستان میں قومی ہینڈ کرافٹ مشاورتی کانفرنس اگلے ماہ منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سے ہینڈ کرافٹ سے تعلق رکھنے والے سرکاری ،نیم سرکاری اور نجی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاروت سے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ اجلاس میں شریک سینئر نمائندوں نے ہیپ کے پلیٹ فارم سے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے لئے تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :