آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث مجرموں کو سول جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

بدھ 2 دسمبر 2015 12:46

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء) آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث مجرموں کو سول جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 30نومبر کو مجرموں کے بلیک وارنٹس پر دستخط کیے تھے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سانحہ پشاور آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے ،اپنے انجام کو پہنچنے والے دہشت گردوں میں مولوی عبدالسلام ، حضرت علی ، مجیب الرحمن ،محمدسبیل عرف (یحیٰ)، شامل ہیں مولوی عبدالسلام کو خودکش حملہ آوروں کو رہائش فراہم کی تھی جبکہ دیگر مجرموں نے دہشت گردوں کو حملے کے لیے معاونت کی تھی ۔

مجرموں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں کیا گیا تھا جہاں انہیں اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرنے کا مکمل موقع دیا گیا تھا تاہم مجرمان اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہے تھے جس پر فوجی عدالتوں نے چاروں مجرموں کو بھانسی کی سزا سنائی تھی ۔

(جاری ہے)

مجرموں نے صدر مملکت ممنون حسین سے رحم کی اپیل کی تھی تاہم وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پر صدر مملکت نے رحم کی اپیل مسترد کر دی تھی جس کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ ماہ 30نومبرکو مجرموں کے بلیک وارنٹس جاری کیے تھے ، واضح رہے کہ چاروں مجرموں کو آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث دہشت گردوں کی معاونت کرنے اور رہائش فراہم کرنے کے جرم میں تختہ دار پر لٹکایا گیا گزشتہ سال 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 132بچوں سمت مجموعی طور پر 150افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے ۔